گاندربل//یتیم فاﺅنڈیشن کی جانب سے واکورہ گاندربل میں منعقدہ سمینار پر بولتے ہوئے مقررین نے سماج کے پچھڑے طبقوں کی فلاح وبہبود کیلئے خود اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو کرضرورت مند لوگوں کی داد رسی کرنے کی اہمیت کو اجاگرکیا۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان کے مقدس مہینے میں دل کھول کر خدمت خلق سے جڑی تنظیموں کی امداد کریں۔ ہائر سکینڈری سکول واکورہ میں منعقدہ سمینار بعنوان ” رمضان کی پکار……..یتیموں ، بیواﺅں اور محتاجوں کے شانہ بشانہ “ کی صدارت تحصیلدار واکورہ امتیاز احمدبڈو نے کی۔ انہوں نے صدارتی خطبے میں فاﺅنڈیشن کے نعرہ ’ اگر ہم نہیں__پھر کون“ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یتیموں ، بیواﺅں اور محتاجوں کی امداد و اعانت کیلئے ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لا کر ضرورت مندلوگوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے اسلام کی تعلیمات پس پشت ڈالنے کو سماجی نابرابری کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ فروٹ گرورس ایسو سی ایشن گاندربل کے صدر منظور احمد پرہ نے اپنے فاﺅنڈیشن کے آورہ چندہ سے اجتناب کرنے کی پالیسی کو سراہتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ یتیم فاﺅنڈیشن یونٹ گاندربل کو بھر پور معاونت کریں۔ ہائرسکینڈر سکول کے پرنسپل عبدالمجید صوفی نے اس موقعہ پر بولتے ہوئے بنیادی سطح پر دور دراز علاقوں میں خدمت خلق کے کام کو متعارف کرنے کی ضروت پر زور دیا۔ انہوںنے کہا کہ دو سال قبل یتیم فاﺅنڈیشن کی جانب سے تیار کردہ دستاویزی فلم نے انہیںسماجی خدمت کے کام میں حصہ لینے پر مائل کیا۔ جامع مسجد واکورہ کے امام وخطیب مولوی محمد یوسف نے اپنی تقریر میں زکوة کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زکواة ادا کرنے میں پس وپیش کرنے سے گریز کریں تاکہ لاچار لوگوں کے دکھ کا مداوا کیا جاسکے۔