راجہ ارشاد
گاندربل //گاندربل کے تحصیل واکورہ میں جیو مواصلاتی کمپنی کی ناقص سروس کے باعث مقامی آبادی نے مواصلاتی کمپنی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی کے حکام سے فوری طور پر اس جانب توجہ مبذول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تحصیل واکورہ میں ہزاروں کی تعداد میں جیو مواصلاتی کمپنی کے صارفین موجود ہیں جو پچھلے ایک ماہ سے ناقص خدمات کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ صارفین جن کے پاس جیو مواصلاتی کمپنی کے سم کارڈ ہیں ،کے مطابق وہ ان کو مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کرپاتے ہیں ،جس کے خلاف انہوں نے پہلے ہی کمپنی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس مسئلے کا کوئی تدارک نہیں کیا گیا ہے۔عبدالمجید بٹ نامی صارف نے بتایا کہ آج کل کے دور میں بہترین مواصلاتی نظام ہونے کی وجہ سے ہر شخص دنیا سے جڑا رہتا ہے، لیکن واکورہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں جیو مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے صارفین سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ جیو مواصلاتی کمپنی جو کہ انٹرنیٹ اور کالنگ دونوں مقاصد کے لیے ناکافی ہے۔ یہ صورتحال انتہائی تکلیف دہ اور مایوس کن ہے، خاص طور پر اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ ہم اپنی روزمرہ کی مواصلاتی ضروریات کے لیے ان کی خدمات پر انحصار کرتے ہیں۔ہم جیو کمپنی کے حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر مواصلاتی نظام درست کریں ورنہ ہم دوسری کمپنیوں کے سم کارڈ استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔