سرینگر//وامق فاروق کو8ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرنے کیلئے مزار شہداء عیدگاہ میں فاتحہ خوانی کی تقریب منعقد ہوئی جس میںحریت (گ )، لبریشن فرنٹ، حریت (جے کے)، کے علاوہ ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ اور پیپلزلیگ کے دھڑوں نے شرکت کی۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر مزارِ شہداء عیدگاہ میں بلائی گئی ایک تقریب میں شرکت کرنے کے لئے مجلس شوریٰ کے ارکان پر مشتمل ایک وفد کو بھیجا گیا جس میں محمد یوسف نقاش، مولوی بشیر عرفانی، عمر عادل ڈار، امتیاز احمد شاہ، یاسمین راجہ، دویندرسنگھ (ایڈوکیٹ)، سید امتیاز حیدر، غازی بابا وغیرہ شامل تھے نے ،شہداء کے حق میں دُعائے مغفرت اور خراج عقیدت ادا کیا۔ادھر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے 2010ء میں مارے گئے جواں سال وامق فاورق کی برسی کے سلسلہ میں پر ان کی ہدایت پر فرنٹ کے زونل آگنائزر بشیر احمد کشمیری اور غلام محمد ڈار نے مقبرہ پر جاکر منعقدہ مجلس میں شرکت کی۔ اس دوران ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے چیئرمین فردوس احمد شاہ ، عبدالخالق بڈگامی ، بلال احمد اور منظور احمدنے عیدگاہ جاکر فاتحہ خوانی کی مجلس میں شرکت کی۔ فردوس شاہ نے کہاکہ تحریک آزادی کی خاطر یہاں کی نوجوان نسل اپنا بیش بہا قربانیاں پیش کر رہے ہیں کیونکہ اب نوجوانوں کی رگوں میں تحریک آزادی بس چکی ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام کے خلاف جاری فوج اور فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں کو نا قابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت اور فوجی قوت کے بل پر یہاں کے عوام کو بے بس بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کے ساتھ کسی کو بھی غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیرمین محمد یاسین عطائی نے عیدگاہ جاکر وامق فاروق کو خراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہاکہ شہیدوں کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم استقامت، ہمت و صبر کے ساتھ رواں تحریک مزاحمت کو اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں۔عطائی نے وامق فاروق کے قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور عبرت ناک سزا کا مطالبہ دہرایا ۔دریں اثنا حریت (جے ک) وفد ، جس میں امتیاز احمد ریشی اور طہور احمد صدیقی شامل تھے، نے عیدگاہ جاکر دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔