فکر انگیز
سورج بشیر
والدین کا نام سنتے ہی دل کو سکون ملتا ہے۔والدین کا نام سنتے ہی دنیا کے سارے غم بھول جاتے ہیں۔والدین اپنے بچوں کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔اس دنیا میں اگر کوئی سچی، بےلوث اور خالص محبت پائی جاتی ہے تو وہ والدین کی محبت ہے۔لیکن بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ایسے بھی بچے پائے جاتے ہیں جو اپنے والدین کی قدر نہیں کرتے۔ارے! والدین کی قدر ان سے پوچھو جن کے والدین نہیں ہوتے،ان سے پوچھو جنہوں نے کبھی اپنی زندگی میں والدین کی صورت بھی نہیں دیکھی۔باپ وہ عظیم ہستی ہے جو اپنے بچوں کے لیے دن بھر محنت کرتا ہے،پسینے میں شرابور ہو کر کماتا ہے مگر کبھی اپنے بچوں کو یہ محسوس نہیں ہونے دیتا کہ وہ تھک گیا ہے۔وہ ہمیشہ یہی چاہتا ہے کہ اس کا بچہ اس سے زیادہ کامیاب ہو۔جب بچہ چھوٹا ہوتا ہے تو باپ اسےاپنے کندھوں پر اٹھاتا ہے اور دل میں یہ کہتا ہے:کہ’’جتنا میں نے دیکھا ہے، اس سے زیادہ میرا بچہ دیکھے۔‘‘
ماں ایک ایسی شخصیت ہے جس کی محبت، قربانی اور شفقت کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔نبی کریم صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:’’جنت تمہاری ماں کے قدموں کے نیچے ہے۔‘‘(سنن نسائی: 3104)۔ماں وہ ہستی ہے جو راتوں کو جاگتی ہے تاکہ بچہ سکون سے سو سکے،جو خود بھوکی رہتی ہے مگر بچے کو کھانا کھلاتی ہے۔اس کی محبت دنیا کی سب سے پاک اور بےلوث محبت ہے۔ٰاللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا:’’اور ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی تاکید کی ہے۔‘‘(سورۃ لقمان : 14)
یہ آیات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ والدین کی خدمت، احترام اور اطاعت دراصل اللہ کی رضا کا ذریعہ ہے۔
اہم نکات :والدین کی دعا اولاد کے لیے جنت کا دروازہ ہے۔جو والدین کی خدمت کرتا ہے، اللہ اس کے رزق میں برکت دیتا ہے۔والدین کی نافرمانی دنیا و آخرت دونوں میں نقصان کا باعث ہے۔انسان جتنا بھی بڑ ا ہو جائے، والدین کے سامنے ہمیشہ بچہ ہی رہتا ہے۔رسول اکرم صلى الله عليه وسلم نے فرمایا: ’’اللہ کی رضا والدین کی رضا میں ہے، اور اللہ کی ناراضی والدین کی ناراضی میں ہے۔‘‘(جامع ترمذی:190)
نتیجہ:جس شخص نے والدین کی اطاعت کی، اس نے دنیا و آخرت میں بلند مقام حاصل کیا۔ہم سب پر یہ فرض ہے کہ ہم اپنے والدین کی عزت کریں، ان کے لیے دعا کریں اور ان کی خدمت کو اپنی زندگی کامقصد بنائیں۔
خوبصورت اقوال:’’ماں سے محبت کرو گے تو اویس قرنی بن جاؤ گے،باپ سے محبت کرو گے تو حضرت یوسؑف بن جاؤ گے۔‘‘اللہ ہم سب کو اپنے والدین کی خدمت و اطاعت کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
[email protected]