پلوامہ//ترال میں والدین کی اپیل پر جنگجوئوں نے اغوا کئے گئے ایس پی او کو چھوڑ دیا۔ادھر پلوامہ میں چند روز قبل لاپتہ ایم بی اے طالب علم نے جنگجوئوں کی صف میں شمولیت اختیار کی ہے۔ قصبہ ترال سے 3کلومیٹر دور شاہ پورہ(چھان کتار)میں جمعہ کی شام قریب تین جنگجوئوں کے گروپ نے فیاض احمد لون کے بیٹے مدثر احمد کو اغوا کر لیا ۔ مدثر احمد لون گزشتہ سال محکمہ پولیس میں بحثیت سپیشل پولیس افسر(ایس پی او) بھرتی ہوا اور اس وقت ریشی پورہ اونتی پورہ پولیس چوکی میں تعینات تھا ۔ وہ چند روز قبل چھٹی پر گھر آیا تھا ۔سنیچر دوپہر مذکورہ اہلکار کے گھر والوں کے جانب سے سماجی رابطہ گاہوںپر ایک ویڈیووائرل ہوا جس میں اہلکار کے تمام اہم اہل خانہ بشمول بزرگ روتے ہوئے جنگجوئوں سے اپیل کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔اہل خانہ نے جنگجوئوں سے اپیل کی ہے ’’ مدثر 3بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے اور اس سے اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تواللہ کی رضا کے لئے اسے معاف کیا جائے ، آئندہ وہ کسی غلطی کا موقعہ نہیںدیگا، جس کا ہم حلف اٹھاتے ہیںمگر آج ہمیں اپنے بیٹے کو واپس کیجئے۔‘‘شام کے وقت مذکورہ ایس پی او کی ایک ویڈیو وائرل کی گئی جس میں اسے چھوڑنے کی بات کہی گئی۔اس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔دریں اثناء پلوامہ میںچند روز قبل لاپتہ ہوئے ایم بی اے طالب علم اشفاق احمد وانی ولد مرحوم محمد یوسف وانی ساکن قوئل پلوامہ کی اے کے47 رائفل ہاتھ میں لئے سوشل میڈیا پر تصویر وائرل ہوئی ہے معلوم ہو اہے کہ مذکورہ نوجوان18 جولائی کو گھرسے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوا ہے ۔