سرینگر//طلاب کو سیاسی ہلچل سے دور رکھنے پر زور دیتے ہوئے خزانہ و تعلیم کے وزیر سید الطاف بخاری نے کہا کہ شعبہ تعلیم ایک حساس شعبہ ہے،اور اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے سے سماج تاریکی کا شکار ہوسکتا ہے۔ وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے تعلیمی شعبے کو فروغ دینے کی ایک غیر معمولی پہل کے طور پر اتوار کو بٹہ مالو میںکئی عمارتوں،بلاکوں کا افتتاح کرنے کے علوہ ملورہ ہائی سکول کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر کے ہمراہ ممبر اسمبلی بٹہ مالو نور محمد شیخ ، قانون ساز کونسل کے رکن خورشید عالم ، وائس چیئرمین کے وی آئی بی منصور حسین ، ناظم تعلیم ڈاکٹر جی این ایتو ، چیف انجینئر تعمیرات عامہ اور منیجنگ ڈائریکٹرہاوسنگ بورڈ کے علاوہ محکمہ تعلیم ،سرینگر مونسپل کارپوریشن اور سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے افسران بھی تھے۔بخاری نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول گنڈ حسی بٹ میں3 منزلہ اضافی جگہ کی سہولیت کا افتتاح کیا جو کہ محکمہ تعمیرات عامہ نے 50 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کی ہے ۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ ریاست میںتعلیمی ڈھانچے کو ترقی دینے کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ سیاسی مفادات کے لئے تعلیمی شعبے کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے سماج تاریکی کا شکا ہوسکتا ہے ۔ وزیر خزانہ و تعلیم نے تمام لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیمی شعبے کو سیاسی ہلچل سے الگ تھلگ رکھیں۔ وزیر تعلیم نے کہاطلباء کے لئے درس و تدریس کی سرگرمیاں دلچسپ ہونی چاہئیں اور والدین کو بھی چاہے کہ وہ اپنے بچوں کو مشینوں کی طرح اُن پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں اور یہ بات ثابت ہوجائے گی کہ طلباء کو چنگ سینٹروں کا رُخ کئے بغیر بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔اس دوران الطاف بخاری نے گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول لاوے پورہ میں 3 منزلہ عمارت کا افتتاح کیا اور سکول کے لئے فرنیچر اور بیت الخلاء دستیاب رکھنے کا اعلان کیا۔ اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ اس سکول کو گرلز ہائیر سکینڈری سکول کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ریاست میں لڑکیوں کو ترقی دینے کی وعدہ بند ہے اور اس مقصد کے لئے کوششیں جارہی ہیں۔ملورہ خواجہ باغ کے دورے کے دوران وزیر تعلیم نے گورنمنٹ ہائی سکول کا سنگ بنیاد رکھا جس کی تعمیر پر ایک کروڑ 15لاکھ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔