جموں//یہ کوئی ریاست کادورافتادہ علاقہ نہیں بلکہ جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈنمبر 71 نکی محلہ سدھرا کی سڑک کی تصویر ہے جوکہ اپنی کہانی اس تصویرکی زبانی بیان کررہی ہے۔تفصیلات کے مطابق جموں میونسپل کارپوریشن کے وارڈنمبر71 کے نکی محلہ میں اندرونی سڑکوں کی حالت نہایت ہی خستہ ہوچکی ہے۔ان سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈے پڑگئے ہیں ۔بارش کے موسم میں ان سڑکوں پرسفرکرناعوام کیلئے باعث عذاب بن کررہ جاتاہے۔جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے یہ سڑکیں تالابوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔سکولی بچوں اورخواتین کی آمدورفت دشواربن چکی ہے۔محلہ کے لوگوں کے مطابق اس سڑکوں کی تجدیدومرمت کے لئے میونسپل کارپوریشن کے حکام سے باربار استدعاکی گئی مگرکوئی شنوائی نہیں ہوئی۔عوام کا کہناہے کہ اس محلہ میں صحت وصفائی کابھی براحال ہے ۔سڑکوں اورنالیوں کے کناروں پرجنگل گھاس پھوس اُگ آیا ہے ۔ایک عرصہ گذر گیامگرکوئی صفائی کرمچاری اس محلہ میں نہیں آیا۔ محلہ کے لوگ اپنے مکانوں کے اردگردخودہی گھاس پھوس کاٹتے ہیں ۔نکی محلہ کے عوام جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنرسے استدعاکرتے ہیں کہ اس محلہ میں مناسب تعدادمیں صفائی کرمچاریوں کوتعینات کرنے کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تجدیدومرمت کاکام جلدہاتھ میں لیاجائے۔