عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پیشن گوئی کے عین مطابق منگل 8اپریل کی سہ پہر سے سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں کافی دیر تک موسلادھار بارشیں ہوئیں جن کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری رہا۔محکمہ نے کہا کہ 11 اپریل تک کشمیر کے کئی حصوں میں ہلکی بارش، برف باری اور تیز ہوائیں چلیں گی لیکن12 اپریل سے موسمی حالات میں بہتری آئے گی۔محکمہ نے کہا ہے کہ منگل کو موسم عام طور پر دوپہر تک ابر آلود رہااور 8 اپریل کی سہ پہر کے بعدشہر سرینگر کیساتھ ساتھ شمالی اور وسطی کشمیر میں ہلکی بارش، گرج چمک، تیز ہوائوں اور اونچی جگہوں پر برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 09 سے 10 اپریل تک موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا جس میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور کئی مقامات پر برف باری کا امکان ہے اور چند مقامات پر 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک اور تیز ہوائوں کا امکان ہے۔اہلکار نے کہاکہ 11 اپریل کو عام طور پر ہلکی بارش کے ساتھ موسم ابر آلود رہے گا اور بکھرے ہوئے مقامات پر صبح ہلکی بارش اور اس کے بعد بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ 12 سے 17 اپریل تک جموں و کشمیر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 18 سے 20 اپریل تک جموں و کشمیر کے اونچی علاقوں میں دوبارہ بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 09-10 اپریل کے دوران کھیت کے کاموں کو معطل کر دیں۔