سرینگر//نیشنل کانفرنس نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اس وقت لاقانونیت، غیر یقینیت اور عدم تحفظ کے بھنور میں مبتلا ہیں۔ صفا کدل میں فورسز گاڑی کی زد میں آکر نوجوان کے جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے مرحوم کے سوگوروںکے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ساگر نے مسلسل ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا خون بہانا اب روز کا معمول بن چکا ہے اور آئے روز ہلاکتیں موجودہ حکومت کی سب سے بڑی حصولیابی بن کر سامنے آئی ہے۔علی محمد ساگر پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وادی کی مجموعی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ پی ڈی پی حکومت عام شہریوں کی ہلاکتوں اور ظلم و تشدد پر روک لگانے میں ناکام ہوگئی ہے اور لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے ممبر اسمبلی عیدگاہ مبارک گل نے صفا کدل کے ایک نوجوان عادل احمد کی فورسز گاڑی سے کچلنے کے واقعہ کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو قرار واقعی سزادی جائے۔انہوں نے بتایا کہ اب ایسا لگ رہا ہے کہ شہری خون کی کوئی بھی قیمت نہیں ہےاور اس کو آسانی کے ساتھ بہایا جا رہا ہے۔