سرینگر//گذشتہ سال تقریبا ایک سال یعنی پورے تعلیمی سیشن کے لئے بند رہنے کے بعد ، طلباءکی جزوی طور پر حاضری اور حکومت کی جانب سے سخت احتیاط کے بیچ وادی کشمیر میں قائم ڈگری کالج پیر کے روز دوبارہ کھولے گئے۔
گذشتہ تعلیمی سیشن میں کورونا وبائی صورتحال سے پیدا صورتحال کی وجہ سے مارچ میں ملک بھر میں لاک ڈاو¿ن نافذ کرنے سے پہلے مذکورہ اداروں کو بمشکل دو ہفتوں تک کام کرنے کا موقع ملا تھا۔
بعد ازاں محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے جموں و کشمیر کالجوں کے لئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جو بالترتیب وادی کشمیر کیلئے 26 دسمبراور جموں صوبہ کے سرمائی زون میں 4 جنوری کو شروع ہوئیں ۔
ان تعطیلات کا آج وادی میں اختتام ہوگیا جس کے بعد یہاں کے کالجوں میں درس و تدریس کا کام دوبارہ شروع ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق آج وادی بھر کے کالج کھل گئے اور طالب علموں کی تعداد اگر چہ زیادہ نہیں تھی تاہم ان میں جوش و خروش صاف دیکھا جاسکتا تھا۔