سرینگر//وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں منگل کو درمیانہ درجے کی برفباری ہوئی ۔سرینگر میں بھی آج صبح سات بجے برفباری ہوئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔وادی کے دیگر اضلاع سے بھی برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق شمالی کشمیر میںعالمی شہرت یافتہ سکینگ مرکز گلمرگ میں کم و بیش سات انچ تازہ برفباری ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ جنوبی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام پہلگام میں تین انچ کے آس پاس برف باری درج کی گئی۔
ادھر شمالی کشمیر کے گریز میں بھی برف باری ہوئی اور وہاں تین انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے۔
حکام نے کہا کہ اگر چہ جواہر ٹنل کے آس پاس بھی تازہ برف باری ہوئی ہے تاہم وادی کشمیر کو جموں سے ملانے والی شاہراہ پر ٹریفک کا نقل و حمل جاری ہے۔
دریں اثناءمحکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3ڈگری سیلشیس اورگلمرگ میں منفی7.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔