عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر /وادی کشمیر میں جاری گرمی کی تپش کے بیچ دن کا درجہ حرارت ایک بار پھر 34ڈگری کو چھو گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں و کشمیر میں 5 جولائی سے موسمی حالات میں تبدیلی کا امکان ہے جس دوران بارشیں ہونگی ۔ بارشوں کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ بعض علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شوٹنگ پتھر اور مٹی کے تودے گر سکتے ہیں۔
وادی کشمیر میں گرمی کی تپش جاری ہے اور جمعرات کو ایک بار پھر گرم ترین دن درج ہوا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ایک بار پھر دن میں شدید گرمی ریکارڈ ہوئی اور دن کا درجہ حرارت 34ڈگری کو چھو گیا ۔ سرینگر میں موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختیار احمد نے کہا کہ یاترا کے محور سمیت جموں و کشمیر بھر میں موسم 5 جولائی تک گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 جولائی کی رات سے تبدیلی کی توقع ہے، کچھ مقامات پر درمیانے سے بھاری بارش اور وادی کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شوٹنگ پتھر اور مٹی کے تودے گر سکتے ہیں، خاص طور پر رات گئے، صبح سویرے یا شام کے اوقات میں۔ کبھی کبھار واضح وقفوں کے ساتھ دن کے وقت زیادہ تر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، لیکن موسم سے متعلق رکاوٹوں کا خطرہ دن کی روشنی کے اوقات کے باہر زیادہ رہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش سے وادی میں جاری ہیٹ ویو سے عارضی طور پر راحت مل سکتی ہے۔ ادھر آئی ایم ڈی اور مقامی حکام سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ صورتحال کی نگرانی کرتے رہیں گے اور بروقت ایڈوائزری جاری کریں گے۔
وادی کشمیر میں جاری گرمی کی تپش کے بیچ دن کا درجہ حرارت ایک بار پھر 34ڈگری کو چھو گیا ، 5جولائی سے بارشوں کا امکان
