سرینگر/وادی کشمیر اور بانہال علاقے میں جمعرات کو مسلسل دوسرے روز بھی احتجاجی ہڑتال کی وجہ سے معمولات ٹھپ ہوکر رہ گئے۔
دو روزہ ہڑتال کال علیحدگی پسندوں کے وفاق، مشترکہ مزاحمتی قیادت نے مزاحمتی لیڈران کے گھروں پر این آئی اے چھاپوں اور دفعہ35اے کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کیخلاف دی تھی۔
این آئی اے نے دو روز قبل حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق ، لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک، تحریک حریت چیئر مین محمد اشرف صحرائی، فریڈم پارٹی چیئر مین شبیر شاہ اور مسلم لیگ چیئر مین مسرت عالم سمیت متعدد علیحدگی پسند لیڈران کی رہائش گاہوں پر چھاپے مار کر باریک بینی سے تلاشیاں لیں۔
ہڑتال کی وجہ سے وادی اور بانہال میں تمام کاروباری ادارے بند اور سڑکیں سنسان ہیں۔
وادی کے تمام دس ضلع صدر مقامات سے بھی مکمل ہڑتال کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بانہال اور کھیری تحاصیل میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات متاثر ہیں۔