عظمیٰ نیوز سروس+جاوید اقبال
سرینگر+مینڈھر//وادی کشمیر اور جموں میں بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تاہم پونچھ میں لینڈ سلائیڈنگ سے ایک بچی کی موت واقع ہوئی۔محکمہ موسمیات نے آج سے 14تک بیچ بیچ میں خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔
سرینگر
گذشتہ دو دنوں کے دوران وسیع پیمانے پر ہونے والی درمیانہ درجے کی بارشوں کے نتیجے میں وادی کشمیر میں موسم خوشگوار ہے اور لوگوں کو 15 دنوں کی شدید گرمیوں سے راحت نصیب ہوئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جولائی تک گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرینگر میں 2.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 12.6 ملی میٹر اور 2.4 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 4.0 ملی میٹر جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ میں 3.7 ملی میٹر اورسرینگر ہوائی اڈے پر2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں بالترتیب 1.0 ملی میٹر اور 0.5 ملی میٹر،وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں بالترتیب 2.0 ملی میٹر اور 4.0 ملی میٹر، سونہ مرگ میں 7.5جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں بھی 4.0 ملی میٹر اورضلع بانڈی پورہ میں بھی 4.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 10 جولائی کو بھی کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوئی جبکہ اس دوران جموں صوبے میں کہیں کہیں تیز بارشیںہوئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 11 سے 13 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں بارشوں کے ہلکے مرحلے ممکن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد میں 14 سے 16 جولائی تک کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔
جموں
اُدھر جموں صوبے میں بارشوںکا سلسلہ جاری رہا۔حکام نے بتایاکہ بدھ کی شام سے جمعرات کی صبح تک جموں شہرمیں 37.7،کٹھوعہ میں174.8اورسانبہ میں96ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔موسمیاتی مرکز سری نگرنے خبردار کیاکہ10 اور 14سے16 جولائی کے دوران جموں ڈویژن کے الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔اس دوران بالائی اور ڈھیلے علاقوںمیں لینڈ سلائیڈنگ،مڈ سلائیڈنگ اور پتھرگرآنے کے ساتھ چند خطرناک مقامات پر شدید سیلاب کاخطرہ لاحق رہے گا۔
پونچھ
ایک دلدوز واقعہ میں، جمعرات کو پونچھ ضلع میں مینڈھر کے چک بونلہ علاقے میں تیز بارش کے بعد مٹی کے تودے گرنے کے دوران ایک نوعمربچی کی موت واقعہ ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ ایک 12 سالہ لڑکی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ایک بڑی پتھر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔اس کی شناخت عافیہ کوثر دختر مختار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔