سری نگر// وادی کشمیر میں گزشتہ دو دنوں سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے وہیں سری نگر کی متعدد سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آچکے ہیں۔
شہر سرینگر کے مختلف حصوں میں سڑکیں زیر آب ہیں اور گلی کوچوں میں بھی پانی جمع ہوا ہے۔
اگرچہ ٹریفک کی نقل و حمل میں کوئی خلل واقع نہیں ہوا ہے تاہم راہگیروں کو چلنے پھرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وادی کے اطراف و اکناف سے بھی موسلا دھار بارشوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی تاہم محکمہ فلڈ کنٹرول ذرائع کے مطابق فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کل جمعہ دوپہر سے موسم میں تبدیلی آئے گی اور دھوپ کھلے گی۔
(مشمولات یو این آئی)