جموں //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل فردوس ٹاک نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو کی جانب سے وادی چناب کے دور دراز علاقوں کی ترقی کے لئے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل پر اتفاق کرنے کی سراہنا کی ہے۔انہوںنے لوگوں کی رسائی کے اپنے دورہ کے دوران وادی چناب کے تینوں اضلاع کیلئے خصوصی فنڈز الاٹ کرنے پر بھی انکا شکریہ ادا کیا ۔ ایم ایل سی فردوس ٹاک نے وزیر خزانہ کی جانب سے بجٹ تقریر میں سابقہ ڈوڈہ ضلع کے لئے سپیشل ٹاسک فورس کی تشکیل کیلئے فنڈز الاٹ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے اس دور دراز خطہ کی ترقی یقینی ہو سکے گی اور عوام کو مشکلات سے نجات لے گی۔وہ وادی چناب کے متعددوفود سے باتیں کر رہے تھے جن کی قیادت پاڈر کے گردھاری لعل، دچھن سے ٹھاکور بال کرشن، بٹوت سے عبدالستار ،رام بن سے ارشد حُسین، اور ناگسینی علاقہ سے تیرتھ رام کر رہے تھے۔ان وفود نے ایم ایل سی کے پاس اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اُجا گر کئے اور انکا فوری حل طلب کیا۔ٹاک ے وفود سے مزید خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے سرپرست مرحوم مفتی محمد سعید کا اس خطہ کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونے کا خواب تھااور ہم انکے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی ٰ نے عوام کی رسائی کے دورے کے دوران ان تینوں اضلاع کی ترقی کے لئے مختلف سکیموں کے تحت تقریباً10کروڑ روپے فنڈز واگُذار کئے ہیں، جن پر کام شروع بھی ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنے دورہ کے دوران جو دیگر وعدے کئے تھے ان کو عملی شکل دینے میں ضروری ہدایات جاری کئے ہیں اور عنقریب ہی ان پر عمل شروع کی جائے گی۔