محمد تسکین
بانہال // صوبہ جموں کے باقی علاقوں کی طرح وادی چناب کے ڈوڈہ ،کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں بھی نماز عید کی نسبت سے سینکڑوں اجتماعات منعقد ہوئے اور ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید ادا کی ۔ضلع رام بن کے علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید ادا کی اور ضلع رام بن میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ بانہال میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز عید میں شرکت کی ۔ ممبر اسمبلی بانہال گول سجاد شاہین ، ڈپٹی کمشنر رام بن بصیر الحق چودھری اور سابقہ ممبر اسمبلی بانہال وقار رسول نے بھی مرکزی عیدگاہ بانہال میں ہی نمازِ عید ادا کی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن کے ہمراہ ایس ایس پی رامبن کلبیر سنگھ بھی تھے اور انہوں پورے ضلع رام بن میں عید اور نوراترا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس کے علاوہ بانہال کے نوگام ، ٹھٹھاڑ ، لامبر ، عشر ، کسکوٹ ،ڈولیگام ، پھاگو ، بڈگام ہنجہال ، زیارت دستگیر صاحب کراواہ ، کھڑی،مہو۔منگت ترگام ، رامسو نیل،چملواس ، اُکڑال پوگل پرستان سینابتی،کنڈہ ، رام بن ، گول سنگلدان ، چندرکوٹ ، بٹوت اور راج گڑھ میں ہزاروں لوگوں نے نماز عید ادا کی ۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع ضلع صدر مقام کشتواڑ کے چوگان گراؤنڈ میں منعقد ہوا جس میں قریب تیس ہزار لوگوں نے نماز عید میں شمولیت کی ۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد ایک سیرتی جلوس نکالا گیا جو دربار اسراریہ اور مختلف بازاروں سے گزر کر زیارت فریدیہ رحمتہ اللہ علیہ میں پرچم اسلام کو سلامی دینے اور دعا کے ساتھ اختتام پزیر ہوا ۔ کشتواڑ کے چھاترو، چنگام ،دچھن ،پلماڑ ،بونجواہ، سروڑ، سرتھل ، پاڈر ، مڑواہ اور واڑون کی عیدگاہوں اور مساجد میں بھی نماز عید کے بھاری اجتماعات منعقد ہوئے۔
ڈوڈہ
ضلع ڈوڈہ اور سب ضلع بھدرواہ کے عیدگاہوں اور مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید نے نماز عید میں شرکت کی اور عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ ڈوڈہ میں منعقد ہوا جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے عید نماز ادا کی ۔ نماز عید کی نسبت سے ضلع ڈوڈہ کے فرقان آباد گھٹ ، ببور ، ادیان پور ، دالی ، بگلا بھرت ،گندنہ ، دہرہ ، کاستی گڑھ کوٹی ، بیولی، بھدرواہ ، ٹھاٹھری ، بھالا ، پرانو ، گندو بھلیسہ ، مرمت ، بونجواہ ، عسر اور جٹھی کے عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے بھاری اجتماعات منعقد ہوئے ۔وادی چناب کے تمام اضلاع میں انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے عید اور نوراترا کے تہواروں کے سلسلے میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ وادی چناب میں عیدالفطر کا تہوار امن و امان کے ساتھ اختتام کو پہنچا اور کسی بھی علاقے سے امن و قانون کے حوالے سے کوئی خبر موصول نہیں ہوئی ۔