یو این آئی
سری نگر//وادیٔ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے جاری غیر معمولی گرمی نے ماہرینِ موسمیات کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 6 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جس کے باعث خطے میں ‘ہیٹ ویو’ جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔سرینگر میں کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.8 ڈگری زیادہ ہے ۔ اسی طرح قاضی گنڈ میں 32.2 ڈگری (5.7 ڈگری زیادہ)، پہلگام میں 27.2 ڈگری (3.3 زیادہ)، کپواڑہ میں 32.6 ڈگری (4.1 زیادہ)، کوکرناگ میں 30.8 ڈگری (5.3 زیادہ) اور سیاحتی مقام گلمرگ میں 23.8 ڈگری (5.2 ڈگری زیادہ) درج کیا گیا۔ یہ تمام اعداد و شمار خطے میں گرمی کی شدت کی عکاسی کرتے ہیں۔ادھر جموں خطے میں درجہ حرارت نسبتاً کم فرق کے ساتھ ریکارڈ ہوا۔ جموں شہر میں 33.8 ڈگری (1.1 ڈگری زیادہ)، بانہال میں 29.2 ڈگری (1.5 کم)، بٹوٹ میں 26.1 ڈگری (0.4 زیادہ)، بھدرواہ میں 29.5 ڈگری (1.5 زیادہ) اور کٹرا میں 28.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.8 ڈگری کم رہا۔لیہہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.6 ڈگری جبکہ کرگل میں 29.1 ڈگری سیلسیس رہا۔ماہرین کے مطابق، درجہ حرارت کے معمول سے اس قدر زیادہ ہونے کی بنیادی وجہ بارش کی کمی اور خشک موسم ہے ، جس کے باعث خطے میں ہیٹ ویو کی کیفیت پیدا ہوئی ہے ۔ایک ماہرِ موسمیات نے کہا، ‘ہیٹ ویو اس صورتحال کو کہتے ہیں جب کسی خطے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مسلسل کئی دن تک معمول سے کم از کم 4 سے 5 ڈگری زیادہ رہے ۔ کشمیر میں اس وقت وہی کیفیت ہے جو غیر معمولی ہے ۔’گرمی کی یہ لہر نہ صرف شہریوں بلکہ سیاحوں کے لیے بھی غیر متوقع ہے ۔