سرینگر //پرویز احمد//کشمیر میں ہیموفیلا بیمار ی سے جوجھ رہے مریض پچھلے کئی ماہ سے انتہائی اہم فیکٹر 7 اورفیکٹر 8کی قلت کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ جموں و کشمیر ہیموفیلیا ایسوسی ایشن کے صدر سعید ماجد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میڈیکل سپلائی کارپوریشن پچھلے کئی ماہ سے مریضوں کو مذکورہ فیکٹر فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ایسوسی ایشن کے صدر نے بتایا کہ فیکٹر 7(2گرام),فیکٹر 8کی(Reconbinant 3rd Generation ) ،(Von willi Brand concentrator 2501u) فیکٹر 7(1mg)،فیکٹر 8(with Von Wili Brand 250IU)کا خریدنے کا آرڈر میڈیکل سپلائی کارپوریشن کو دیا تھا لیکن میڈیکل سپلائی کارپوریشن کے اعلیٰ افسران پچھلے 3ماہ سے ٹال مٹول کررہے ہیں۔سعید ماجد نے بتایا ’’ گورنمنٹ میڈیکل کالج نے کارپوریشن کو فیکٹروں کی سپلائی کیلئے کئی خط بھی لکھے ہیںلیکن کارپوریشن کے اعلیٰ افسران نہ تو میڈیکل کالج کو فیکٹر خریدنے کیلئے این او سی فراہم کررہے ہیں اور نہ ہی مریضوں کی فیکٹر فراہم کیا جارہا ہے۔ سعید ماجد نے بتایا کہ میڈیکل سپلائی کارپوریشن کی عدم توجہی کی وجہ ایسوسی ایشن بازار سے فیکٹر خرید نے پر مجبور ہوگئی اور ایسوسی ایشن کے فیکٹر بازار سے خریدکر مریضوں کیلئے دستیاب رکھا لیکن اب وہ ادویات بھی ختم ہوگئی ہیں۔ میڈیکل سپلائی کارپوریشن کے جنرل منیجر ڈاکٹر عبدالمجید مہراب نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا ’’ ایک فیکٹر کیلئے ہم نے میڈیکل کالج سرینگر کو این او سی جاری کردیا ہے جبکہ دوسرا فیکٹر 8کے معیار کی جانچ پڑتال ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں فیکٹر بیرون ممالک سے لانے پڑتے ہیں اور اُمید ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں فیکٹرز دستیاب ہونگے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 300سے زائد ہیموفیلیا مریض زیر علاج ہیں جنہیں وقفہ وقفہ سے فیکٹروں کی ضرورت پڑتی ہے اور معیاری فیکٹر وقت پر نہ ملنے کی وجہ سے ان مریضوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔