سرینگر// شہری ہلاکتوں کے خلاف مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ہڑتال کی وجہ سے سنیچر کو زندگی کی رفتار تھم گئی جبکہ شہر خاص سمیت جنوبی کشمیر کے حساس علاقوں میں بندشیں اور قدغنیں عائد کی گئیںتھیں۔اس دوران جنوبی کشمیر میں کئی جگہوں پر جلوس برآمد ہوئے ۔ حکام نے آج یعنی اتوار کو دوسرے روز بھی پائین شہر کے 5پولیس تھانوں میں بندشیں عائد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔کرفیو جیسی بندشوں اور سخت ترین سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے شہر سرینگر اور دیگر کئی علاقوں میں ہزاروں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ سرینگر میں 7پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں اور جنوبی کشمیر کے حساس علاقوںمیں غیر اعلانیہ کرفیوکیساتھ ساتھ شمال و جنوب کے دیگر کچھ حساس قصبوں و علاقوں میں دفعہ 144کے تحت بندشیں عائدرکھی گئیں۔ شہر خاص اور سیول لائنز میں 5پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں سخت بندشیں عائد کرنے کے ساتھ ساتھ فورسز اور پولیس اہلکاروں نے تمام سڑکوں اور چوراہوں پر خار دار تاریں بچھا کر آواجاہی کو ناممکن بنا دیا تھا جبکہ غیر اعلانیہ کرفیو کے نتیجے میں پوری شہری آبادی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئی ۔ شہر خاص میں پولیس تھانہ خانیار، رعنا واری ، مہاراج گنج ، نوہٹہ اورصفا کدل کے تحت آنے والے علاقوں میں سخت بندشیں عائد کی گئی تھیں ۔پائین شہر میں صبح سے ہی پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی اور سڑکوں پر جگہ جگہ خاردار تار بچھائی گئی ،اس صورتحال کی وجہ سے پورے پائین شہر میں سناٹا اور ہوکا عالم چھایا رہا ۔سول لائنز کے لال چوک ،ریگل چوک ،کوکر بازار ،آبی گذر ،کورٹ روڈ ،بڈشاہ چوک ،ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ ،مہاراجہ بازار ،بٹہ مالو اور دیگر اہم بازاروں میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے مقفل رہے اور ٹرانسپورٹ سروس معطل رہی۔ مائسمہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو خاردار تار سے سیل کردیا گیا ہے۔ ادھر جنوبی کشمیر میں پلوامہ ، ترال ، پانپور ، اونتی پورہ ، بجبہاڑہ ، اننت ناگ اور دیگر کچھ حساس قصبوں کے ساتھ ساتھ شمالی کشمیر کے کچھ علاقوں میں بھی دفعہ 144کے تحت سخت بندشوں کے ساتھ ساتھ اضافی سیکورٹی اقدامات اٹھائے گئے تھے۔۔ صو بائی انتظامیہ کی ہدایت پر وادی بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ یونیورسٹی سطح کے امتحانات ملتوی کردئے گئے ۔صو بائی انتظامیہ نے یہ اقدامات احتجاجی مظاہروں کو پیش نظر اٹھائے ۔تاہم انتظامیہ نے طلاب احتجاج کو روکنے کیلئے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ لیا ۔ ادھر احتجاجی مظاہروں کے خد شات بارہمولہ،بانہال ریل سروس بھی جمعہ کو معطل رکھی گئی ۔