عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں اتوار کے روز شدید گرمی کی لہر برقرار رہی اور گرمائی دارالحکومت سرینگر میں مسلسل دوسرے دن سیزن کا گرم ترین دن 32.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔سنیچر کے 31.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں سرینگر میں درجہ حرارت 32.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ قاضی گنڈ میں موسم کا گرم ترین دن 33.0 ڈگری سینٹی گریڈدرج ہوا۔تفصیلات میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں دن کا درجہ حرارت 31.4 ڈگری جبکہ مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 27.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں، پارہ 29.9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ گلمرگ میں درجہ حرارت 23.6 ڈگری درج کیا گیا۔جموں ڈویژن میں بھی ہیٹ ویو کے حالات برقرار ہیں۔ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بانہال میں 30.8، بٹوٹ میں 30.9، بھدرواہ 31.6اور کٹرا میں37.4دن کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے ہیٹ ویو کی موجودہ صورتحال میں عارضی ریلیف کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ “20 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی سرگرمی متوقع ہے اور 20 مئی تک تیز ہوائوں کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 مئی سے 24 مئی تک ہیٹ ویو کا ایک مختصر سلسلہ دوبارہ متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی سے ایک بار پھر ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔مزید برآں، انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے، خاص طور پر جموں ڈویژن میں، درجہ حرارت میں اضافے کے درمیان مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا، خاص طور پر حاملہ خواتین، بچوں اور بزرگوں کو ہائیڈریٹ رہنے کی تاکید کی۔