سرینگر+بانہال//کچھ دن موسم خوشگور رہنے کے بعد وادی کے میدانی علاقوں میں تازہ بارشیںجبکہ سونہ مرگ سمیت کئی بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے،جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے کے سبب سردی میں پھر اضافہ ہوا ہے اگلے 24گھنٹوں میں محکمہ موسمیات نے ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں اور برف باری ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’اگلے24گھنٹوں کے دوران سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارشیں اوربالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہونے کے امکانات ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ 5 مارچ سے موسم پھر ٹھیک ہوگا تاہم 7تاریخ کے بعد پھر بارشیں ہوسکتی ہیں۔سرینگر اور وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ بن بھر رک رک کر بارشیں ہوتی رہیں۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کے صبح سے ہی سونہ مرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دن بھر جاری رہا جس کے نتیجے میں گنڈ ،کلن، گگن گیر کے مقامات پر سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں چھوٹی گاڑیوں کو چلنے میں دقتیں پیش آئی ۔ شام دیر گئے تک سونہ مرگ میں ایک فٹ ،گگن گیر میں چار اینچ، کلن میں تین اینچ ،برف ریکارڑ کی گئی۔ ادھربانہال سے اچلاع ہے کہپیر کی شام رام بن کے نزدیک گر آئی بھاری پسی کو صاف کرنے کے بعد کل جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمدورفت جزوی طور بحال کی گئی اور چھوٹی مسافر گاڑیوں کو جموں سے وادی کی طرف یکطرفہ طور آنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران مخالف سمت سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ کل دن بھر موسم خراب رہا اور وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور کئی مقامات پر ٹریفک جام بھی رہا ۔ڈگڈول کے مقام پرپسی بھی گر آئی تاہم اس کے باوجود شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کی نقل وحمل مجموعی طور بحال رہی۔ کئی مسافروں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ صبح جموں سے نکلنے کے بعد وادی آنے ولا بھاری ٹریفک وقفے وقفے سے نگروٹہ ، ادہمپور ، سمرولی ، کد اور ڈگڈول کے علاقوں میں جام میں پھنسا رہا اور گاڑیوں کی آمدورفت سست رفتاری کے ساتھ آگے بڑھتی رہی۔ٹریفک حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ رام بن کے مہاڑ علاقے میں گر آئی پسی اور چٹانوں کو شاہراہ سے صاف کیا گیا اور شاہراہ کو یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں اور نگروٹہ میں روکی پڑیں مسافر گاڑیوں کو وادی کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔دریں اثنا ء بارشوں کی وجہ سے ضلع رام بن کے کئی بالائی علاقوں میں اس موسم کی ایک اور برفباری ہوئی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بانہال کے جواہر ٹنل ، چنجلو ، ڈولیگام ، نیل اور مہو کے اوپری پہاڑوں پر اس موسم کی ایک اور مگر ہلکی برفباری ہوئی ۔