یکم دسمبر تک راتیں مزید سرد ہونگی اور دھند کا راج ہوگا
سرینگر// وادی کشمیر میں سردی کا زور بتدریج بڑھ رہا ہے اور راتیں سرد ترین ہوتی جارہی ہیں۔وادی کشمیر اکتوبر سے طویل خشک موسم سے گزر رہی ہے۔ گذشتہ شب وادی میں روان موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب درہ حرارت منفی3.2درج کیا گیا۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں اگلے دو ہفتوں کے دوران موسم زیادہ ترخشک رہنے کا امکان ہے اور اس دوران کئی علاقوں میں دھند اور درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔ ڈائریکٹرموسمیات ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ 25نومبر سے یکم دسمبر تک مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں موسم عام طور پر خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 2 دسمبر کو دوپہر کے بعد ابر آلود موسم رہنے کی توقع ہے، جس سے الگ تھلگ اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 3 سے 10 دسمبر تک موسم دوبارہ خشک رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ 11دسمبر اور 17یا 18دسمبر کو الگ تھلگ مقامات پر بارش یا ہلکی برفباری ہوسکتی ہے لیکن اسکا دورانیہ بہت مختصر رہے گا۔انکے مطابق کشمیر ڈویژن میں کئی مقامات پر اور جموں ڈویژن کے الگ تھلگ علاقوں میں آنے والے دنوں میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔محکمہ نے اگلے ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں 1-2 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سرینگر میں منفی 3.2 کے علاوہ قاضی گنڈ میں منفی2.5،پہلگام میں منفی4.0،کپواڑہ میں منفی3.2 ،کوکرناگ میں منفی 0.4 ،گلمرگ میں منفی 1.9،شوپیان میں منفی 5.1،سونمرگ میں منفی 3.2 ،زوجیلا پاس منفی 16.0 ریکارڈ کیا گیا۔ادھرجموں میں 10.0ڈگری، بانہال میں منفی 1.2 ،بٹوٹ 5.5،کٹرا 9.2،بھدرواہ 0.5،کٹھوعہ 9.2،ادھم پور 5.4،رام بن 5.2 ،سانبہ 5.3،راجوری 3.3اورکشتواڑ میں 3.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ادھر لیہہ میں منفی 8.2 ،کرگل میں منفی 8.6اوردراس منفی 10.3 ریکارڈ کیا گیا۔