عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وادی کشمیر میں موسم روز بروز خوشگوار ہونا شروع ہوگیا ہے۔ اگر چہ ابھی چلہ بچہ اور چلہ خورد کے ایام چل رہے ہیں لیکن جنوری کی سردی کی شدت ٹوٹ گئی ہے۔راتوں کا درجہ حرارت بہتر ہورہا ہے اور دن گرم رہنے لگے ہیں۔ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکے سے درمیانی درجے کی برفباری پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ 10 اور 11 فروری کو کہیں کہیں خاص طور پر شمالی اور وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ اس دوران صوبہ جموں میںکہیں بارشیں متوقع ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 12 سے 14 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔