بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر میں پیر کی شام کو ہوئی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں دریائے جہلم سمیت کئی آبی ذخائر میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔جنوبی کشمیر میں رات بھر بارشیں ہوئیں اور دن میں سہ پہر بعد ایک بار پھر بارشوں کا آغاز ہوا جبکہ شہر سرینگر سمیت بدگام اور گاندربل میں شام کے بعد کئی گھنٹوں تک تیز بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعدد اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں سیلاب، بادل پھٹنے اور زمینی کھسکنے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔
آسمانی بجلی
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں منگل کو آسمانی بجلی گرنے سے ایک نوعمر لڑکے کی موت ہو گئی۔ متوفی کی شناخت دلاور احمد بھوکڈ ولد محمد سردار بھوکڈ ساکن سون وانگم، کوکرناگ کے طور پر کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرگن ٹاپ کے قریب نوخان کے مقام پر 16 سالہ لڑکا آسمانی بجلی کی زد میں آ گیا، جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔حکام نے پہاڑی اور کھلے علاقوں میں لوگوں سے گرج چمک کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
بارش
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق منگل کو جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 331.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جن میںوادی کشمیر میں 138.2 اور جموں ڈویژن میں 192.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش اودھم پور میں 60.4 ملی میٹر درج کی گئی، جب کہ کونہ بل پانپور میں 40.0 ملی میٹر،قاضی گنڈ میں 23.2 ،اونتی پور18.0 ، سرینگر 16.6 ، گلمرگ 14.8 ،پہلگام11.4 ، کپوارہ6.7، اورکوکرناگ میں7.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔جموں ڈویژن کے مختلف علاقوں میں منگل کو ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ بارش اودھم پور میں ہوئی جہاں 60.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق، جموں میں 30.2 ملی میٹر، کٹھوعہ میں 25.2 ، بٹوت میں 17.6 ، کٹرامیں 15.8 ،بھدرواہ میں 15.6 ، بانہال میں بھی 10.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پانی کی سطح
جنوبی کشمیر میں موسلا دھار بارشیں ہونے سے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سنگم میں، جو کہ دریائے جہلم کا ایک اہم واچ پوائنٹ ہے، یکم ستمبر کی شب 10 بجے پانی کی سطح 4.94 فٹ تھی، جو 2 ستمبر کو شام 7 بجے تک 7.72 فٹ تک پہنچ گئی۔ رام منشی باغ سرینگر میں پانی کی سطح 1 ستمبرشام 8.73 فٹ تھی، جو منگل کے روز شام کو10.40 فٹ تک پہنچ گئی۔اگرچہ یہ سطح ابھی خطرے کے نشان سے نیچے ہے، تاہم محکمہ آبپاشی و سیلاب کنٹرول نے صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری
محکمہ موسمیات کے مطابق3 ستمبر کو جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں خاص طور پر کٹھوعہ، جموں، اودھم پور اور ریاسی میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، ڈوڈہ، سانبہ، راجوری، پونچھ، رام بن، کشتواڑ، کولگام اور اننت ناگ میں درمیانی سے شدید درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔4 سے 7 ستمبر کے دوران بھی کچھ مقامات پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ 8 سے 11 ستمبر کے دوران جموں کے بعض علاقوں میں دوبارہ بارش ہو سکتی ہے، جس کے بعد 11 ستمبر کی شام سے موسم میں بہتری متوقع ہے۔