عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وادیٔ کشمیر میں سردیوں نے اپنی مکمل دستک دے دی ہے ۔ جمعہ کی رات وادی کے بیشتر علاقوں میں رواں سیزن کی سب سے سرد رات ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں موسم سرما کی اب تک کی سب سے سرد رات ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ پہلگام میں پارہ منفی 3.0 ڈگری، گلمرگ میں منفی 2.6 ڈگری، کپواڑہ میں منفی 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ وادی میں مطلع صاف رہنے کے سبب رات کے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے کیونکہ رواں ہفتے کے آخر تک مغربی ہواؤں کا کوئی نیا سسٹم متوقع نہیں۔سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی وادی بھر میں زندگی کے معمولات پر بھی اثر پڑنے لگا ہے ۔ سری نگر، بڈگام، گاندربل اور جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں صبح کے اوقات میں سڑکوں پر ہلکی دھند چھائی رہتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک وادی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، تاہم رات کے وقت درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے جس سے زمین پر کہر جمنے کا امکان ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ نومبر کے پہلے ہفتے میں درجہ حرارت کا اس حد تک گر جانا اس بات کی علامت ہے کہ اس سال وادی میں شدید سردی کا امکان زیادہ ہے ۔جموں شہر کا جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت 11.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ کٹرہ میں 12.1، بٹوٹ 6.1، بانہال 8.8 اور بھدرواہ 4.5 ڈگری سیلسیس تھا۔