سرینگر// جماعت اسلامی نے وادی میں جاری سیاسی غیر یقینیت اور لاقانونیت پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کے پرامن اور پائیدار حل کی خاطر اپنی خاموشی کو توڑتے ہوئے ٹھوس اقدامات کریں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آئے روز نوجوانوں کو جاں بحق، گرفتار، انسانی حقوق کی پامالی اور بے دریغ بستیوں کی توڑ پھوڑ سرکاری فورسز کا معمول بن چکا ہے۔ جمہوریت کے بلند بانگ دعوئوں کے باوجود یہاں جمہوریت کی مٹی پلید کی جاتی ہے۔ انسانی حقوق کو پائوں تلے رونداجاتا ہے۔ بیان میں جماعت اسلامی نے اقوام عالم سمیت انسانی حقوق کی جملہ انجمنوں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا بروقت ادراک کرتے ہوئے حکومت ہند پر اس کے فوری حل پر دبائو بڑھائیں تاکہ کشمیری عوام راحت کی سانس لے سکیں۔ دریں اثناء جماعت اسلامی جموںوکشمیر کا اعلیٰ سطحی وفد امیر جماعت اسلامی خواجہ غلام محمد بٹ کی قیادت میں صورہ ہسپتال گیا جہاں حریت کانفرنس (گ) کے چیرمین سید علی گیلانی کی عیادت کی گئی۔ اس موقعہ پر وفد نے حریت چیرمین کی خیر و عافیت دریافت کرنے کے علاوہ وادی میں موجودہ سیاسی غیر یقینی حالات پر بھی گفتگو کی۔وفد میں جماعت اسلامی کے ناظم تعلیم و تربیت نذیر احمد رعنا بھی شامل تھے۔