عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// مرکزی ٹیکسٹائل سکریٹری نیلم شامی رائو نے بدھ کے روز کہا کہ مرکز کشمیر کی صدیوں پرانی قالین بننے کی روایت بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوںنے سرینگر میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی ) کیمپس میں کاریگروں کے لیے موڈیفائیڈ ماڈرن سٹیل کارپٹ لومز کا آغاز کیا۔رائو نے کہا کہ انٹیگریٹڈ وول ڈیولپمنٹ پروگرام (IWDP) کے تحت اس اقدام کا مقصد کاریگروں کو بااختیار بنانا، آلات کو جدید بنانا اور کشمیری قالینوں کی عالمی اپیل کو بڑھانا ہے۔جموں و کشمیر حکومت کو وزارت کو مزید تجاویز پیش کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے، را ئونے ٹیسٹنگ اور سرٹیفیکیشن کی سہولیات کو اپ گریڈ کرنے اور عصری ڈیزائن کے ساتھ روایتی نقشوں کو ملانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، “میں سینئر افسران کی ایک ٹیم کے ساتھ دہلی سے آئی ہوں تاکہ نئے بینچ مارکس کے بارے میں خود بصیرت حاصل کر سکوں جو دستکاری کے شعبے میں پسماندہ اور آگے کے روابط کو مضبوط کرے گا۔” قبل ازیں، مرکزی سکریٹری نے آئی آئی سی ٹی میں تربیتی پروگراموں، ڈیزائن اسٹوڈیو، اور NABL سے منظور شدہ لیبارٹری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پشمینہ ٹیسٹنگ اینڈ کوالٹی سرٹیفیکیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا، کشمیری پشمینہ اور اس سے منسلک دستکاریوں کی صداقت کے تحفظ کے لیے جدید ترین آلات کی حمایت کا یقین دلایا۔اپنے دورے کے دوران، را ئونے پدم شری اور قومی ایوارڈ یافتہ کاریگروں کے ساتھ بات چیت کی، جن میں غلام حسن خان(پیچ ورک جماور)، غلام نبی ڈار(لکڑی کی تراش خراش) اور فاروق احمد میر(کانی شال)، شاہنواز قالین اور بینش کریول کھلونے جیسے نوجوان کاروباری شامل ہیں۔اننت ناگ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، بڈگام، کولگام اور سری نگر کے دستکاروں کے گروپوں میں ترمیم شدہ جدید سٹیل کارپٹ لومز تقسیم کیے گئے۔ را ئونے وسیع تر تقسیم کے لیے اضافی 500 لومز کی خریداری کی تجویز پر غور کرنے کا بھی یقین دلایا۔