سرینگر//وادی میں جاریہ ایجی ٹیشن موسم گرما سے چلہ کلان میں منتقل ہونے کے بیچ ہڑتال میں ڈھیل کے پیش نظر چوتھے دن بھی سردیوں کے باوجود بازار آباد رہے۔ تازہ کلینڈر کئے تحت دکانوں اور تجارتی مراکز میں گرم ملبوسات اور کانگڑیوں کے علاوہ ہیٹروں اور کوئلے کی خریداری جم کر ہوئی۔
ڈھیل کا چوتھا روز
حزب کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت پر موسم گرما میں8جولائی کو وادی میں شروع ہوئی ایجی ٹیشن موسم گرما سے چلہ کلان میں داخل ہوئی ہے۔5ماہ سے زائد احتجاجی ہڑتال کے دوران موسم کے مختلف رنگ بدل گئے اور احتجاجی لہر اور ہڑتال میں بھی نشیب وفراز اور شدت و سکوت دیکھنے کو ملا،تاہم موسم اور احتجاجی لہر میں یہ یکسانیت دیکھنے کو ملی کہ ہر گزرنے والے ایام کے ساتھ دونوں لہریں سرد سے سرد تر ہوتی گئیں۔مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری احتجاجی کلینڈر میں مسلسل5دنوں تک ہڑتال میں ڈھیل کے چوتھے روز بھی بازاروں میں رونق نظر آئیں ۔سرینگر کے پائین علاقے اور سیول لائنز علاقوں میں دکانیں،تجارتی وکاروباری مراکز،سرکاری دفاتر،مالیاتی ادارے کھل گئے اور دیگر سرگرمیاں بھی جوبن پر رہیں۔ سیول لائنز میں چھاپڑی فروشوں کی ریڈیوں پر خرید و فروخت کا بازار گرم رہا جبکہ دکانوں پر بھی خریداروں کی بھیڑ نظر آئی۔خریداروں میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں،جو گرم ملبوسات اور دیگر ساز و سامان کی خریداری میں محو نظر آئیں۔گزشتہ دنوں کی نسبت بدھ کو شہر میںٹریفک جام میں بھی سدھار نظر آیا جبکہ سڑکوں پر ٹریفک پولیس اہلکار بلا خل ٹریفک کی آواجاہی کو یقینی بناتے ہوئے نظر آئے۔ادھر وادی کے شمال و جنوب سے بھی چھوٹی اور مسافر بردار گاڑیوں نے شہر کا رخ کیا جس کی وجہ سے پانتھہ چوک اور شالہ ٹینگ میں ٹریفک جام کے نظارے بھی دیکھنے کو ملیں۔ جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع شوپیان، کولگام، پلوامہ اور اسلام آباد میں آج تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ سرکاری دفاتر میں بھی معمول کا کام کاج جاری رہا جس کی وجہ سے مذکورہ اضلاع کے تمام اہم قصبوں اور بازاروں میں زبردست چہل پہل دیکھنے کو ملی جبکہ ٹریفک اور کاروباری سرگرمیاں بھی بحال رہیں ۔اوسطی ضلع بڈگام کے تمام قصبوں میں ڈھیل کے نتیجے میں بازاروں میں روایتی رونق دیکھی گئی ۔ بارہمولہ ، سوپور ، سنگرامہ ، پٹن ، ہندوارہ ، وتر گام ، کپوارہ ترہگام ، کرالہ پورہ ، بانڈی پورہ ، سمبل ، کنگن ، گاندربل ، پلوامہ ، ترال ، اونتی پورہ ، پانپور ، شوپیان ، بڈگام ، چاڈورہ ، بیروہ ، ماگام ، کولگام ، اسلام آباد ، بجبہاڑہ ، کھنہ بل ، قاضی گنڈ اور شمال و جنوب تمام چھوـٹے بڑے بازاروں اور قصبوں میں بدھ کو بھی بازار کھلنے سے جیسے رونق لوٹ آئی ۔