شوکت حمید
سرینگر// کڑے سیکورٹی بندوبست کے درمیان وادی میں76ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات پر امن طور پر منائی گئیں۔ سب سے بڑی تقریب بخشی سٹیڈیم سرینگرمیں منعقد ہوئی جہاں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے ترنگا لہرایاا اورسی آر پی ایف، جموں وکشمیر پولیس، ہوم گارڈس ،آئی ٹی بی پی ،بی ایس ایف اور فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے دستوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔ بخشی سٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔یوم جمہوریہ کی تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے وادی بھر میں سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر تھے۔ یوم جمہوریہ کی تقریب کو پر امن طریقے سے انجام دینے کے لئے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا اور حساس علاقوں میں فقیدالمثال سیکورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔شہر میں جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے تھے، جہاں آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کی گئی ۔سٹیڈیم کی طرف آنے والی سڑکوں کو سیل کر دیا گیا تھا ۔ سیول لائنز کے مختلف علاقوں خاص طور پر ڈل گیٹ، سونہ وار، ٹی آر سی و نمائش کراسنگ، تاریخی لال چوک، مائسمہ میں بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی تھیںجبکہ سٹیڈیم کے گردو نواح میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات میں بھی یوم جمہوریہ کی تقاریب کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات سخت کئے گئیتھے ۔