یو این آئی
سرینگر//جموں و کشمیر کی گرمائی دارلحکومت سرینگر میں گذشتہ شب ماہ جون میں اب تک درج ہونے والی گرم ترین رات ریکارڈہوئی جب درجہ حرارت 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجو موسمی لحاظ سے ایک تاریخی واقعہ ہے ۔موسمیات کے مطابق ریکارڈ شدہ تاریخ میں پہلی بار، سرینگر میں جون کے مہینے میں شبانہ درجہ حرارت 25.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو جون میں اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ درجہ حرارت سرینگر میں مئی کے آخری ایام میں دن میں ریکارڈ ہوا کرتا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ سرینگر میں موجودہ دن کا اوسط درجہ حرارت 29.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت 18.8 ریکارڈ ہوا ہے جو ماہ جون میں اب تک ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 25 سے 27 جون تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبہ جموں میں بھاری بارشوں کا امکان ہے ۔محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کٹرا میں سب سے زیادہ108.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ راجوری میں 80 ملی میٹر اور اودھم پور میں 71.4 ملی میٹر،پونچھ اور رام بن اضلاع میں بالترتیب48 ملی میٹر اور47.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح موسم نے کروٹ بد لی جس سے لوگوں کو گذشتہ کئی روز سے جاری شدید گرمی کی لہر سے تھوڑی راحت نصیب ہوئی۔وادی میں بدھ کی صبح سے موسم ابر آلود رہا اور اس دوران کئی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جبکہ متعدد علاقوں میں صبح کے وقت بوندا باندی ہوئی۔موسم میں واقع ہونے والے تغیر سے وادی میں شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا لیکن ہوا میں نمی بڑھ گئی جس سے دن بھر پسینے چھوٹتے رہے۔سرینگر میں دن کا درجہ حرارت 32.5، قاضی گنڈ میں 30.2،کوکر ناگ میں 30.8،کپوارہ میں 32.8،گلمرگ میں 23.2اور پہلگام میں 27.4ڈگری درج کیا گیا۔ جموں میں 32.6،بانہال میں 27.7،بٹوٹ میں 26.2،بھدرواہ میں 30.6اور کٹرا میں 29.0درجہ حرارت رہا۔