اشفاق سعید
سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کومطلع ابرآلودہونے کے بیچ وادی ،چناب اور خطہ پیرپنچال میں برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہوا۔اس دوران رام بن میں پنتھیال کے مقام پر پہلے رک رک کر پتھر گرتے رہے اور بعد میں لگاتار پتھروں کے گرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کی گئی۔ادھر جمعرات کوسرینگرمیں قبل ازدوپہر سے موسلا دھار بارشوں کاسلسلہ جاری رہا۔ بارہمولہ ،کپوارہ اوربانڈی پورہ کے بیشتر میدانی اور بالائی علاقوںمیں برف باری کا زیادہ اثر رہا جبکہ بڈگام، گاندربل اور سرینگر اضلاع میں جم کر بارشیں ہوئیں۔کپواڑہ سے اشرف چراغ کے مطابق سادھنا ٹاپ پر 1فٹ،پھرکیاں ٹاپ پر 10انچ ، مژھل کی زیڈ گلی پر 9انچ اور جمگنڈ اور بڈنمل میں 10انچ کے قریب برف جمع ہونے سے یہاں کی سڑکیں بند ہیں۔بانڈی پورہ کے میدانی اور بالائی علاقوں، گریز اور دیگربالائی علاقوںمیںبرف باری ہوئی۔بڈگام ضلع کے بالائی علاقوں میں 6سے7انچ برف جمع ہو چکی تھی ۔گاندر بل کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔کنگن سے نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ،کنگن ، زوجیلہ ، اور دیگر علاقوں میں برف باری ہو ئی۔ بارہمولہ ضلع میں بھی کہیں بارشیں اور کہیں برف باری ہوئی ۔ فیاض بخاری کے مطابق گلمرگ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تازہ 5انچ برف شام دیر گئے تک جمع ہو چکی تھی اور سرمائی کھیلوںکے آغاز سے ایک دن قبل شروع ہونے والی برف باری سے یہ پہاڑی علاقہ مزیددلفریب ہوگیاہے جبکہ ٹنگمرگ حاجی بل میں بھی برف باری کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ جنوبی کشمیر کے شوپیان ، پلوامہ ، کولگام اور اننت ناگ میں بارشیں اور برفباری ہوئی۔شوپیان سے شاہد ٹاک کے مطابق پیر کی گلی ، دبجن ، ہیر پورہ ، کولگام کے دمحال ہانجی پورہ، اہربل،وٹو،منزگام اور دیگر علاقوں کے علاوہ اننت ناگ کے ویری ناگ سمیت ضلع کے اوپری علاقوں میں 6سے7انچ برف جمع ہو چکی تھی۔ پہلگام میں تازہ 5 انچ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے۔پلوامہ ، ترال ، اونتی پورہ میں بھی دن بھر بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات
کے سربراہ سونم لوٹس نے جمعرات کے روز کہاکہ کشمیر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوں میں تین سے پانچ انچ اور بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا امکان ہے۔ سونم لوٹس نے بتایا کہ جمعرات کے روز شمالی کشمیر میں برف باری ہوئی جبکہ وسطی کشمیر میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور شام تک میدانی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔انہوں نے کہاکہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب مغربی ہوائوں کا زیادہ اثر ہوگا جس دوران میدانی علاقوں میں بھی برف باری ہوگی۔اْن کے مطابق سری نگر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین سے پانچ انچ تک برف ہو سکتی ہے۔اْن کے مطابق جمعے کی سہ پہر سے موسم میں بہتری کا امکان ہے۔
برفانی تودوں کی وارننگ
جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعرات کو 12اضلاع میں آئندہ24 گھنٹوں کے لئے برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ اننت ناگ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کپواڑہ، کولگام اضلاع کے ساتھ ساتھ ڈوڈہ، کشتواڑ اور پونچھ، ریاسی، راجوری اور رام بن اضلاع میں‘ برفانی تودے گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔
ایک ماہ میں بارشیں
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں گرچہ یکم جنوری سے 8 فروری تک مجموعی طور پر معمول کے مطابق بارش ریکارڈ ہوئی ہے تاہم سری نگر سمیت کم سے کم 6 اضلاع میں اس وقفے کے دوران معمول سے کم بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ یکم جنوری سے8 فروری تک 143.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول سے14 فیصد زیادہ ہے۔ اس وقفے کے دوران معمول کے مطابق 125.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہونی چاہئے تھی۔ بڈگام ، بانڈی پورہ ، شوپیان ،جموں اور کٹھوعہ اضلاع میں کم بارش جبکہ گاندربل، کشتواڑ، سانبہ، کپوارہ، ریاسی اور اودھم پور میں زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی ۔