مشتاق الاسلام
پلوامہ// وادی کشمیر میں گذشتہ کچھ روز سے جاری نا موافق موسمی صورتحال کے بیچ محکمہ موسمیات نے 5 مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں اورکہیں کہیں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں تیز ہوائیں چلنے کے دوران جھیل ڈل، ولر اور دیگر آبی ذخائر میں شکارے یا کشتیاں چلانے سے گریز کرنے کی صلاح دی ہے ۔متعلقہ محکمے نے بتایا کہ 6 سے 8 مئی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں 9 سے 11 مئی تک بارشوں کا ایک اور مرحلہ متوقع ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا کہ کہیں کہیں تیز بارشوں کے ساتھ ساتھ 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ادھر اتوار کی سہ پہر کی شہر سرینگر کے صورہ اور شوپیان میں قہر انگیز ژالہ باری ہوئی۔صورہ میں ژالہ باری کے دوران معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔سرینگر اور وادی کے متعدد علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلا دھار بارشں ہوئیں۔جنوبی کشمیر میں ضلع شوپیان کے متعدد علاقوں بشمول دشنو ہیرپورہ، چکہ مرزاپورہ اور چکہ رام نگری میں اتوار کی شام قہر انگیز ژالہ باری نے سیب کے باغات اور کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ مقامی کسانوں کے مطابق ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ صرف چند منٹوں میں 70 فیصد فصلیں تباہ ہو گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں کہرام مچ گیا اور کسان اپنے کھیتوں و باغات کی حالت دیکھ کر آبدیدہ ہو گئے۔اسی طرح تحصیل ترال کے سید آباد اور آری پل علاقوں میں بھی ژالہ باری سے فصلوں کو خاصا نقصان ہوا ہے۔