عظمیٰ نیوز سروس +مشتاق الاسلام
سرینگر+پلوامہ//موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ کی شام سے سرینگر سمیت کشمیر وادی کے بیشتر علاقوںمیں گہرے بادل چھاگئے ،اور کئی مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کاسلسلہ شروع ہوگیاجبکہ اس دوران کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلیں۔شوپیان کے ایک وسیع علاقے میں شدید ژالہ باری سے میوہ باغات تباہ ہوئے۔ اگلے کم سے کم تین دن مغربی ہوائوں کے زیر اثر رہنے والے اضلاع میں حکام نے ایڈوائزری جاری کرکے لوگوںکو نقل وحمل میں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں وکشمیرمیں جمعہ کی شام مغربی ہوائیں فعال ہوئیں ،جسکے نتیجے میں 18اپریل شام سے 20اپریل کی سہ پہرتک وادی کے اکثر میدانی علاقوں میں گرج چمک اور تیز بارشوں کیساتھ ساتھ کچھ علاقوںمیں40سے 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ کچھ بالائی علاقوں بشمول گلمرگ ،سونمرگ، سنتھن پاس، پیر کی گلی،رازدان ٹاپ ،سادھنا ٹاپ ،گریز ،مژھل اور زوجیلا میں برف باری متوقع ہے ۔موسمیاتی مرکز کے مطابق21اپریل کو بھی الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش متوقع ہے تاہم 22سے28اپریل تک موسم عام طور پر خشک رہے گا۔
شوپیان
ضلع شوپیان میں جمعہ کی شام شدید ژالہ باری کے نتیجے میں درجنوں دیہاتوں کے سیب باغات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ۔ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں میں کیلر، شاداب کریوا، بلہ پورہ، شرمال، پرگوژھو، نارہ پورہ، کنی پورہ،برتھی پورہ، بٹہ مڑن، کرالہ چک، واٹھو، مانلو، موشوارہ، کاٹھو ہالن، گتی پورہ، موشوارہ، پنجورہ،پوشپورہ،پہنو،اگلر،ترنج، امام صاحب،گناو پورہ اور زاورہ شامل ہیں۔مقامی کسانوں کے مطابق ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ سیب کے درختوں کے پتے اور شگوفے جھڑ گئے، جس سے نہ صرف موجودہ فصل کو نقصان پہنچا بلکہ آئندہ پیداوار پر بھی منفی اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ سیب باغات کے ساتھ ساتھ دیگر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے وائس چیئرمین عرفان منہاس نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کرنے کے لیے ایک سرکاری ٹیم روانہ کی جائے تاکہ نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرہ کسانوں کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔
ٹنگمرگ
مشتاق الحسن کے مطابق گوگلڈارہ ٹنگمرگ میں آسمانی بجلی ایک درخت پر گری جودو حصوں میں تقسیم ہوگیا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاقہ میں کئی مقامات پر شدید ژالہ بھاری سے میوہ کے شگوفوں کو نقصان پہنچا۔ گوگلڈارہ چل پوائنٹ مقام کے نزدیک ہی ایک درخت پر آسمانی گری۔اس وقت بہت سارے سیاح قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہورہے تھے۔ادھر گوگل ڈارہ ،رنگاوالی ،ماچھی کھڈ، بمہ کوہل، دارہ کشی فیروزپورہ اور کنزر کے چند علاقوں میں شدید نوعیت کی ژالہ باری سے میوہ باغوں میں درختوں پر پھوٹے شگوفوں کونقصان پہنچا۔