سری نگر//وادی کشمیر میں لگاتار بارشوں کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے مد نظر گورنر این این ووہرا نے مشیر بی بی ویاس اور متعلقہ محکموں کے افسروں کے ساتھ سیلاب سے بچاؤ کی تیاریوں سے متعلق کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔گورنر نے ڈویثرنل اور صوبہ کشمیر کے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی اطلاع کے لئے کنٹرول روم قائم کرنے اور ہیلپ لائین نمبرات کی تشہیر کرنے کے اقدامات کریں۔ اس سے پہلے گورنر کی ہدایات کے مطابق آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے افسران کی ایک ٹیم نے دریاؤں اور نالوں کے کناروں پر ایک سیفٹی آڈٹ عمل میں لایا۔ چیف انجنیئر آئی اینڈ ایف سی کشمیر کو ہدایت دی گئی کہ وہ دریاؤں کے کناروں پر اپنی ٹیمیں تعینات کریں تا کہ تمام حساس مقامات پر حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور دریاؤں کے کناروں کو فوری طور مستحکم بنایا جائے۔سیکرٹری اری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول نے بھی سنگم علاقہ کا تفصیلی دورہ کیا اور موجودہ صورتحال کا جائیزہ لیا۔دریائے جہلم اور نالوں جنوبی کشمیر کے نشیبی علاقوں کے کناروں پر رہنے والے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں۔تمام ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ بچاؤ اور امداد کے شیلٹروں پر معقول سپلائیز کو دستیاب رکھیں اور حساس اور نازک علاقوں پر قریبی نگاہ رکھیں۔کمشنر ایس ایم سی اور ڈپٹی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ نشیبی علاقوں میں پانی کے نکاس کے لئے فوری اقدامات شروع کریں۔ڈپٹی کمشنر سرینگر نے بھی لسجن علاقہ کا دورہ کیا اور وہاں دریا کے کناروں کو استحکام بخشنے سے متعلق معاملات کی نگرانی کی۔