پرویز احمد
سرینگر // وادی کشمیر میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوا ہے اور اس طرح جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد 10 تک پہنچ گئی ہے۔متاثرین میںسے 3ٹھیک ہوگئے ہیں جبکہ 7معاملات ابھی بھی سرگرم ہیں۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق جموں و کشمیر میں سرگرم 9معاملات میں سے 3 ٹھیک ہوگئے ہیں اور ان کی تازہ رپورٹیں منفی آئی ہیں۔ صرف 6معاملات سرگرم ہیں۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گذر رکھنے والے نوڈل افسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کو کشمیر صوبے میں ایک جبکہ جموں صوبے میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔مرکزی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بھارت کی مختلف ریاستوں میںکیرالا ، کرناٹکہ، مہاراشٹرا، گجرات، اتر پردیش اور دلی میں بدستور اضافہ کے ساتھ سرگرم معاملات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اسلئے ان ریاستوں میں محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران کو سرولنس میںاضافہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس دوران بدھ کو ملک بھر میں 864نئے معاملات کی تصدیق کے بعد کورونا وائرس کے سرگرم معاملات کی تعداد 4302تک پہنچ گئی ہے جبکہ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 7افراد کی موت ہوگئی ہے۔