عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر کے کچھ حصوں میں 10 فروری تک وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔موسمیاتی مرکز سرینگر نے بتایا کہ 3 فروری کو شام تک موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ رات گئے تک الگ تھلگ اونچے مقامات پرہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 4-5 فروری کے دوران، عام طور پر موسم ابر آلود رہنے کے امکانات ہیں اور 5 فروری کی دوپہر تک کافی وسیع مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش/برف پڑنے کے امکانات ہیں، اور اس کے بعد بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ 6 سے 8 فروری تک موسم ابر آلود اور خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 9-10 فروری کے دوران جموں و کشمیر کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔عہدیدار نے سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارشوں کے بعد وادی کشمیر کے شبانہ درجہ حرارت میں کافی کمی درج ہوئی ہے۔ گلمرگ میں اتوار کی صبح تک5.1 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی جبکہ پہلگام میں 2.8 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 2.5 سینٹی میٹر برف درج کی گئی۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جبکہ گلمرگ میں منفی7.6 ،پہلگام میں منفی2.6 ، کپوارہ میں 0.7 جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ لیہہ میں منفی10.5 ، کرگل میں منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔