طویل خشک سالی سے جہلم، معاون نالے اور چشمے سوکھ گئے
سرینگر// سرینگر میں 4جولائی جمعہ کے روز سیزن کا دوسرا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.3 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا۔ وادی کشمیر میں ہیٹ ویو کی جاری صورتحال نے عام لوگوں کا برا حال کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دن کا درجہ حرارت 35.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اس سیزن کا دوسرا بلند ترین درجہ حرارت تھا۔وادی کے دیگر حصوں میں، قاضی گنڈ میں 34.4 ڈگری ، پہلگام میں 30.2 ڈگری اور کپواڑہ میں درجہ حرارت 35.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوکرناگ میں 33.4 کو چھو گیا، جب کہ عام طور پر ٹھنڈا گلمرگ میں 26.0 اور پہلگام میں 30.2 ریکارڈ کیا گیا۔جموں ضلع میں 35.0، بانہال میں 29.8، بٹوٹ میں 27.0 ،بھدرواہ میں 32.3 اورکٹرا 32.0 ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ لیہہ میں درجہ حرارت 31.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل میں 35.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر وادی کشمیر میں طویل خشکی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں دریائے جہلم اور اس کی معاون ندیوں کے پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے پورے خطے میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی پر تشویش پائی جاتی ہے۔محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے اعداد و شمار کے مطابق، سنگم میں پانی کی سطح صرف 0.57 فٹ پر کھڑی تھی، جو کہ 21 فٹ کے سیلاب کے خطرے کے نشان سے بہت نیچے ہے۔ دیگر گیجز میں بھی کم ریڈنگ تھی۔ رام منشی باغ (2.47 فٹ)،عشم (2.57 فٹ)، اور پانپور میں(1.29 میٹر) ریکارڈ کی گئی۔وولر جھیل میں 1574.97 میٹر ریکارڈ کی گئی، جو کہ اس کی اوسط سطح 1578.00 میٹر سے نمایاں طور پر کم ہے۔امدادی ندیاں بھی دبائو کے آثار دکھا رہی ہیں، وچی میں رامبی آرا نالہ میں -0.43 میٹر تک سطح تھی، بٹکوٹ میں لدر نالہ 0.30 میٹر، اور دورہامہ میں سندھ نالہ میں 1.05 میٹر تک پانی کی سطح درج کی گئی۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 5 جولائی تک کئی جگہوں پر وقفے وقفے سے بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور 6 سے 8 جولائی کے درمیان زیادہ مقامات پر ایسی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں۔