سرینگر//وادی کشمیر میں اتوار کے روز کورونا وائرس مخالف لاک ڈاﺅن کے25ویں دن زندگی پوری طرح مفلوج ہوکر رہ گئی۔یہ لاک ڈاﺅن مہلک کورونا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے نافذ کیا گیا ہے اور اس پر لوگ بھی سختی کے ساتھ عمل کررہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے گذشتہ روز سبھی ضلع کمشنروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے اندر لاک ڈاﺅن کو سختی کے ساتھ نافذکریں تاکہ لاک ڈاﺅن کی مدد سے کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
وادی کے سبھی اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لوگ گھروں تک محدود ہیں اور سڑکیں بالکل سنسان نظر آرہی ہیں۔ عوامی حلقوں کی طرف سے مختلف علاقوں میں خود ہی لاک ڈاﺅن کو موثر انداز میں نافذ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ مہلک وائرس کو قابو کیا جاسکے اور لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔