آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی آئیگی:محکمہ موسمیات
پرویز احمد
سرینگر//محکمہ موسمیات کے مطابق، بدھ کو سرینگر میں اس سیزن میں پہلی بار کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔یاد رہے کہ اس بات کا پہلے ہی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ 27نومبر تک موسم خشک اور سرد رہے گا اور اس دوران دور دور تک کوئی بڑی موسمیاتی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر اور لداخ میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھنے میں آئے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کہا”بدھ کو اس سیزن میں پہلی بار سرینگر میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا اور درجہ حرارت منفی 0.8درج کیا گیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگلے چند دنوں کے دوران خشک موسم جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ جموں و کشمیر اور لداخ میں رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی بھر میں درجہ حرارت منفی چلا گیاہے اور شبانہ سردی کافی حد تک بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں منفی 0.8 درجہ حرات درج کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ پہلگام میں منفی 4.8 ، سونہ مرگ اور شوپیان میں منفی 4 سے منفی 5کے درمیان اور گلمرگ میں منفی 3.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔اسکے علاوہ قاضی گنڈ میں منفی 1.6،کپوارہ میں منفی 2.9،پلوامہ میں منفی 1.7، پانپور میں منفی 3.0اور اونتی پورہ میں منفی 3.2درجہ حرارت درج کیا گیا۔لداخ خطہ کے دراس شہر میں منفی 13.5 ، کرگل میں منفی 8.4 اور لیہہ میں منفی 9.6 درجہ حرارت کم سے کم درج کیا گیا، جب کہ جموں میں 9.2 ڈگری، کٹرہ 9.6، بٹوٹ 6.5، بانہال 9 اور بھدرواہ میں 2.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔