خانیار میںتل دھرنے کی جگہ نہیں تھی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس مبارک کی اختتامی تقریب کے سلسلے میں وادی بھر میں تقاریب منعقد ہوئیں ۔سب سے بڑی تقریب زیارت پیر دستگیر صاحبؒ خانیار میں منعقد ہوئی۔اس کے علاوہ سرائے بالا سرینگر،درگاہ غوثیہ رہبابہ صاحب ،پنجورہ شوپیان، جناب صاحب صورہ ، نادی ہل بانڈی پورہ ، رفیع آباد ، سوپور اور دیگر زیارت گاہوں میں بھی عرس کی مناسبت سے تقاریب منعقد ہوئیں جہاں علماء نے حضرت دستگیر صاحبؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی۔ خانیار میں سینکڑوں عقیدتمندوں نے شرکت کی جہاںکاروانِ اسلامی کے سربراہ مولانا غلام رسول حامی نے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ اختلافی نوعیت کے باوجود گمراہ افکار و نظریات کو حقیقی فکر و فن، کتاب و سنت کا آئینہ دکھا کر رشد و ہدایت کی راہوں کو محفوظ کیا۔انہوںنے اس موقع پر نوجوانوں سے شراب و منشیات کے برے اثرات سے معاشرے کے ہر فرد کو جذبہ بیداری مشن میں شامل ہونے کا وعدہ لیتے ہوئے معاشرے کو منشیات اور بے راہ روی کے دلدل سے پاک کرنے کا عزم کرایا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاروانِ اسلامی پیروار کی شانِ رفتہ کی بحالی اور نشے کی آلودگی کو مٹانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ قدیم درگاہِ غوثیہ رہبابہ صاحب عالی کدل میںمولانا ریاض احمد ہمدانی نے حضرت محبوب سبحانیؒؒ کی سیرت ، علمی اور روحانی کمالات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ شاہ جیلانؒ نے اسلام کی جو آبیاری تبلیغ واشاعت سے کی وہ اسلام کی تاریخ میں ایک سنہری باب ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اُن کی تعلیم قرآن وحدیث ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ادھر بابانگری وانگت میں زیارت حضرت نظام الدین لاوری نقشبندیؒ میںبھی نمازِ جمعہ پرشاہ جیلانؒ کی سیرت پر روشنی ڈالی گئی اور ختمات المعظمات اور درود و ازکار کی مجلس آراستہ ہوئی
۔