سرینگر//دنیا کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ ریاست جموں و کشمیر میں بھی شب قدر کی مقدس تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں اوراس موقعہ پر تاریخی جامع مسجد،درگاہ حضرتبل اور وادی کی دیگر تمام مساجد و خانقاہوں میں روح پرور اجتماعات کا انعقاد ہوا جن میں لاکھوں فرزندان توحید بشمول خواتین کی ایک بڑی تعدا دنے شرکت کی۔ وادی کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں شب خوانی کا اہتمام ہوا اور سب سے بڑی تقا ریب مرکزی جامع مسجد اوردرگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئیں، جہاں لاکھوں فرزندان توحید رات بھر شب خوانی کی اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی مغفرت کے علاوہ اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ میںاتحاد و اتفاق، نصرت الٰہی کے ساتھ ساتھ ریاست میں امن و آشتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔اس موقعہ پرخصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں جس کے دوران رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ اللہ اکبرکے فلک شگاف ورد کی وجہ سے تاریخی جامع مسجد اور درگاہ حضرت بل کا پورا علاقہ رات بھر گونجتا رہا۔ شب قدر کے سلسلے میں سب سے بڑی تقریب تاریخی جامع مسجد سرینگر اورآثار شریف حضرتبل درگاہ میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے اطراف و اکناف سے آئے لاکھوں فرزندان توحید نے شب خوانی کی جس کے دوران درود و اذکار ، ختمات المعظمات اور توبہ استغفار کی خصوصی محفلیں آراستہ کی گئیں۔ شب قدر کے سلسلے میں تمام مساجدوں، خانقاہوں اور زیارت گاہوں کو سجایا گیا تھا اور انتظامیہ کی طرف سے زائرین کو ہر ممکن سہولیت فراہم کرنے کے لئے بہتر انتظامات کئے گئے تھے۔ درگاہ حضرتبل میں رات بھر درود و اذکار کی محفلیں آراستہ ہوئیں اور رات بھر فرزندان توحید نے اپنے گناہوں کی بخشش طلب کی۔ حضرتبل کے راستوں کو سجانے کے ساتھ ساتھ درگاہ میں چراغاں کیا گیا تھااور رات بھر فرزندان توحید جن میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی نے پوری رات بیدار رہ کر اسلام کی سربلندی، کفر و شرک کے خاتمے، خوشحالی اور ریاست میں امن بھائی چارے کو قائم رکھنے کے لئے دعائیں کیں۔ وادی کے اطراف و اکناف سے آئے ہوئے عقیدت مندوں کو لینے اور لیجانے کے لئے انتظامیہ نے پیشگی انتظامات کئے تھے جبکہ حضرتبل کے گرد نواح میں زائرین کو سہولیت بہم پہنچانے کے لئے طبی کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عملے کو چوکنا کردیا گیا تھا۔جامع مسجد سرینگر میں بھی شب قدر کے سلسلے میں بڑی تقریب منعقد ہوئی جہاںمیرواعظ عمر فاروق نے شب القدرکی فضیلت اور اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ وادی کے دیگر اضلاع اور قصبہ جات جن میں آثار شریف پنجورہ شوپیان ، پلوامہ ، کولگام ، اننت ناگ ، بارہمولہ ،کپوارہ اور ہندوارہ شامل ہیں ،میں بھی لوگوں نے مساجدمیں شب خوانی کی۔کعبہ مرگ اننت ناگ اور خانقاہ فیض پناہ ڈورو ویری ناگ میں بھی اس سلسلے میں روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔