سرینگر//پچھلے تین روز سے لگاتار ہو رہی شدید اور موصلادار بارشوں اور برف باری کے باعث جہاں نجی عمارتوں، شاہراہوں، رابطہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے وہیں کشمیر میںقائم کئی نجی اور سرکاری اسپتال بھی زیر آب آگئے ہیں۔سرینگر شہر میںقائم دو بڑے اسپتال امام حسین اسپتال بمنہ اور جے وی سی بمنہ میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ شمالی کشمیر کے سب ضلع اسپتال پٹن میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے ۔ ادھر بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف حادثات کے دوران 9افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 2 زخمیوں کو سرینگر کے شیرکشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ منتقل کیا گیا ہے۔وادی کے مختلف اضلاع میں قائم اسپتالوں سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق ابتک 8افراد مختلف واقعات میں زخمی ہوگئے ہیں جو ابھی زیر اعلاج ہے۔ ضلع اسپتال اننت ناگ میں ابتک 5زخمی کا اندراج کیا گیا ہے ۔ سی ایم او اننت ناگ عبدالمجید نے کہا ’’ اننت ناگ میں ابتک کوئی بھی پرائمری ہیلتھ سینٹر، سب ضلع اسپتال اور ضلع اسپتال زیر آب نہیں آیا ہے تاہم ڈنکہ پورہ ککر ناگ میں ایک سومو گاڑی نالے میں جانی کی وجہ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کاعلاج ضلع اسپتال اننت ناگ میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچوں افراد کے مختلف اضاء پر چوٹیں آئیں ہیں تاہم سب کی حالت مستحکم ہے۔ سرینگر کے جے وی سی اسپتال میں میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے۔ جے وی سی اسپتال بمنہ کے سی ایم او ڈاکٹر مدثر نے کہا’’ اسپتال احاطے ، میڈیکل کالج اور پارکنگ میں پانی جمع ہوگیا تھا تاہم پانی کی نکاسی کیلئے اسپتال انتظامیہ نے صبح سے ہی پمپوں کے ذریع پانی کو نکالنا شروع کر دیا ہے اور اسپتال سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی پانی اسپتال میں داخل نہیں ہوا ہے اور اسلئے مریضوں کی منتقلی کا سوال ہی نہیں ہے۔ سرینگر کے ہمدانیہ کالونی بمنہ میں قائم امام حسین اسپتال کی پہلی منزل زیر آب آگئی ہے اور اسپتال میں زیر علاج 20 مریضوں کواعلاج و معالجے کیلئے صدر اسپتال سرینگر اور ضلع اسپتال بڈگام منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے مختلف اسپتالوں میں چار زخمی افراد کا اندراج کیا گیا ہے۔ تفصیلات دیتے ہوئے نوڈل آفیسر بارہمولہ ڈاکٹر شبیر احمد نے بتایا ’’ بارہمولہ ضلع کے سنگرامہ علاقے میں ایک ماروتی گاڑی درخت کے نیچے آگئی ہے جس میں تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ڈاکٹر شبیر احمد نے بتایا کہ بارہمولہ کے ڈنگی وچی علاقے سے بھی ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ ڈاکٹر شبیر احمد نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں38سالہ عبدالحمید میر، 30سالہ تجمل رشید معمولی طور پر زخمی ہوئے جبکہ28سالہ بلال احمد اور 30سالہ بشیر ملک کے ریڈھ کی ہڈی کو نقصان پہنچاں ہیں جنہیں علاج و معالجے کیلئے شیر کشمیر انٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر شبیر احمد نے بتایا کہ سب ضلع اسپتال پٹن کی پہلی منزل میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو پانی داخل ہوگیا تھا تاہم اسپتال عملے نے پہلے ہی مریضوں کو دوسری منزل میں منتقل کیا جبکہ اسپتال کی پہلے منزل میں نصب مشینری اور دیگر ساز وسامان کو رات کے وقت ہی بچالیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سب ضلع اسپتال پٹن کی پہلے منزل سے پانی خارج ہوگیا ہے اور اسپتال میں صفائی کا کام جاری ہے۔ ادھر ضلع ڈائریکٹر ہیلتھ کشمیر ڈاکٹر سلیم الرحمان نے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ وبائی بیماریوں سے بچنے کیلئے پانی ابھال کر استعمال کریں ۔ ڈاکٹر سلیم الرحمن نے کہا کہ سیلاب کے دوران پانی گندہ ہوتا ہے جس سے ہیضہ، بخار اور دیگر بیماریاں پھیلنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے اور اسلئے عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پانی ابھال کر استعمال کریں۔