سرینگر+بانہال // پیر پنچال کے آر پار بدھ سے جاری تازہ برف باری کا سلسلہ جمعرات کو بھی دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا۔ادھر ایک مرتبہ پھرسرینگر جموں شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی جبکہ موسم کی خرابی کے باعث سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کئی پروازیں منسوخ کی گئیں۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کل یعنی جمعہ سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے۔تازہ برف باری کے نتیجے میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی ہے ۔ادھر حکام نے کہا کہ سرینگرکے بین الاقوامی ہوئی اڈے پر صبح کے وقت کئی پروازیں منسوخ کی گئیںکیونکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے حد نگاہ معمول سے بہت کم تھی ۔حکام کا کہنا ہے کہ صرف دو پروازیں اڑان بھر سکیں اور دو پروازیں ہی لینڈ کرسکیں جبکہ 7پروازیں منسوخ ہوئیں۔
بانہال
رام بن اور بانہال سیکٹر میں بدھ کی رات سے تاز برفباری ، بارشوں اور متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت جمعرات کو پھر معطل رہی تاہم گذشتہ روز سے درماندہ 1300سے زائد مسافر گاڑیوں اور قریب 700ٹرکوں کو بدھ کی رات دیر گئے تک نکالا گیا تھا۔جمعرات کو شاہراہ پر جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی۔ پچھلے ایک ہفتے کی طرح جمعرات کی صبح سے ہی شاہراہ پنتھیال اور رام بن کے درمیان کئی بار بند رہی اور بعد میںدن کے دو بجے سے تازہ پسیوں کی وجہ سے مکمل طور پربند کر دی گئی تاہم اس سے قبل ہی کشمیر سے جموں کی طرف کئی روز سے درماندہ درجنوں ٹرکوں اور رام بن اور بانہال کے درمیان مقامی مسافربردار گاڑیوںکو ریلوے سٹیشن بانہال تک نکال دیا گیا تھا۔ پنتھیال کے مقام پر شاہراہ کے بند ہونے کے بعد درجنوں کی تعداد میں مسافروں اور مقامی لوگوں نے اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے کیلئے رامسو اور خونی نالہ کے درمیان ایک متبادل راستے سے پیدل سفر شروع کیا ۔ اس راستے سے نالہ بشلڑی پر محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے تعمیر کئے گئے ایک ادھورے پل کو عبور کرنے کیلئے مسافروں کو اپنی جان خطرے میں ڈالنا پڑتی ہے۔جموں سرینگر شاہراہ کی دن بھر کی صورت حال کے بارے میں ڈی ایس پی ٹریفک رام بن سریش شرما نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنتھیال اور رام بن کے درمیان شاہراہ پر کم از کم پانچ مقامات پر بھاری پسیاں گر آئیں اور شاہراہ کوجمعرات کی دوپہر بعد ڈیڑھ بجے سے ٹریفک کیلئے مکمل طور سے بندکیا گیا۔ جبکہ بانہال، نوگام اور جواہر ٹنل کے دونوں طرف بھاری برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی روز کی طرح جمعرات کو بھی شاہراہ کئی بار پسیوں کی وجہ سے بند ہوئی تاہم اسے ساتھ ساتھ بحال کیا گیا اور کئی روز سے کشمیر سے درماندہ ٹرکوں اور رام بن بانہال کے درمیان مسافر ٹریفک کو چلایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بارش میں تیزی آئی اور پسیوں کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا اور شاہراہ مکمل طور سے بند کردینا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ کیلا موڑ کے نزدیک فورلین ٹنل نمبر دو کے قریب ایک پسی کے نتیجے میں وہاں کچھ مسافر گاڑیاں پھنس گئی ہیں اور انہیں نکلالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات دوپہر بعد انوکھی فال کے مقام پر ایک پہاڑی ہی پسی کی صورت میں شاہراہ پر گر آئی ہے جس میں بھاری بولڈر بھی شامل ہیں جو چلتے ٹریفک کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کی رات دیر گئے تک کشمیر سے جموں کی طرف آنے والے تمام ٹریفک کو رات دیر گئے تک جموں کی طرف نکالا گیا تھا اور کوئی مسافر گاڑی درماندہ نہیں تھی۔ ادھر ریل سے بانہال پہنچے مسافروں کیلئے ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ کے حکم پر بانہال میں قائم مسافر خانوں کو کھول دیا گیا ہے اور شام تک بانہال کے مسافر خانے میں سینکڑوںمسافروں کو ٹھہرایا گیا ۔ اس سلسلے میں افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ شاہراہ کے بند ہونے کی صورت میں درماندہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وسطی کشمیر
شہر سرینگر میں تازہ برف باری کا سلسلہ بدھ کی دوپہر سے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جمعرات کو بھی جاری رہا ۔شام دیر گئے تک شہر اور اُس کے نواحی علاقوں میں ایک انچ برف جمع ہو چکی تھی۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق زوجیلا ، سونہ مرگ ، گگن گیر ، گنڈ کلن ،کنگن میں جمعرات کی صبح سے تازہ برف باری ہوئی۔ گاندربل سے ارشار احمد کے مطابق ضلع میں 2سے 3انچ برف جمع ہو گئی ۔بڈگام سے اطلاعات ہیں کہ ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں پھر سے تازہ برف باری ہوئی ۔
شمالی کشمیر
کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق بدھ کی شام سے شروع ہوا تازہ برف باری کا سلسلہ جمعرات کو بھی دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ضلع کے بالائی علاقوں میں ایک فٹ کے قریب تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 4سے 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران چوکی بل کرناہ سڑک 2روز کے کھلنے کے بعد ایک مرتبہ پھر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی جبکہ مژھل ، کیرن اور جمگنڈ کی سڑکیں مسلسل 28روز سے بند پڑی ہیں۔بارہمولہ سے فیاص بخاری کے مطابق تازہ برف باری کی وجہ سے کئی ایک علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں ۔ضلع کے کنڈی ، ناروائو ، حاجی بل ، بابا ریشی ، گلمرگ اور ٹنگمرگ میں بھاری برف باری کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھا اور 3سے 8 انچ تازہ برف جمع ہو چکی تھی ۔ضلع کے سوپور اور پٹن میں بھی دن بھر بارشوں کے ساتھ برف باری ہوتی رہی۔ بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابق ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا ۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں 3سے4انچ برف جمع ہو گئی تھی ۔
جنوبی کشمیر
اننت ناگ سے عارف بلوچ اور ملک عبدالسلام کے مطابق ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں جمعرات کی صبح سے تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ۔ضلع کے میدانی علاقوں میں 3سے4انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 6سے 7انچ تازہ برف جمع ہو گئی ۔پہلگام میں 8انچ ،کوکرناگ میں 6انچ، سنتھن ٹاپ پر 3فٹ تازہ برف جمع ہو چکی ہے ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق صبح 6بجے سے تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو شام کو بھی جاری تھا ضلع کے میدانی علاقوں میں 3سے6انچ برف جمع ہو گئی ہے اور بالائی علاقوں دھمال ہانجی پورہ ، ڈنوکنڈی مرگ ، نندی مرگ ، وٹو اہربل، کنڈ علاقوں میں تقریباّّ ایک سے ڈیڑھ تازہ برف جمع ہو گئی ۔شوپیاں سے شاہد ٹاک کے مطابق جمعرات کو ایک مرتبہ پھر ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں 6انچ اور بالائی علاقوں میں 1سے 2فٹ برف جمع ہو چکی تھی ۔ ضلع پلوامہ میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شام تک جاری تھا ۔
وارننگ
صوبائی کمشنر کے مطابق ضلع اننت ناگ ،بارہمولہ،کپوارہ،گاندربل،بانڈی پورہ ،بڈگام اورکولگام کے علاوہ کرگل اور لیہہ اضلاع کے ایسے علاقوں جہاں تودے گر آنے کا اندیشہ ہے۔چنانچہ ان اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگو ںکونقل وحرکت کے دورا ن احتیاط برتنے کی صلاح دیں اور ایس ڈی آر ایف،پولیس اور نیم طبی عملے کے علاوہ ایمولینسز کو تیاری کی حالت میں رکھیں۔