نئی دہلی//صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور وزیراعظم نریندرمودی نے سابق وزیراعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آزمود ہ لیڈر اٹل بہاری واجپئی کی 93 ویں سالگرہ پرنیک خواہشات پیش کی ۔ صدرجمہوریہ نے نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمارے سب سے زیادہ پسندیدہ اور قابل احترام سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ پر نیک خواہشات کرتا ہوں۔وزیراعظم نریندرمودی نے بھی بی جے پی کے آزمودہ لیڈر کو نیک خواہشات پیش کی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ہمارے پیارے اٹل جی کی سالگرہ پر مبارکباد۔ ان کی بے مثال اور دوررس قیادت نے ہندوستان کو آگے بڑھایا اور عالمی سطح پر ہمارے وقار کو بڑھایا۔ میں ان کی اچھی صحت کیلئے دعا گوں ہوں۔ وزیر دفاع نرملا سیتار من نے سابق وزیراعظم کو نیک خواہشات پیش کی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ شری اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ پر مبارکباد۔ وہ باعث ترغیب اور ایک معزز رہنما ہیں۔ ان کی اچھی صحت کیلئے میری دعائیں ہیں۔ واضح رہے کہ واجپئی ہی ایک ایسے غیرکانگریسی لیڈر ہیں جنہوں نے وزیراعظم کے طور پر ملک میں خدمات انجام دی اور 1999 سے 2004 تک اپنا پانچ سالہ مدت کار مکمل کیا۔ وہ 10 مرتبہ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے اور دو مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ وہ خرابی صحت کی وجہ سے فعال سیاست سے ریٹائرڈ ہوئے۔