نئی دہلی// سابق وزیراعظم اور بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کے انتقال پر ان کے احترام میں سنیچر کو دہلی سمیت پورے ملک میں کاروباریوں نے اپنے ادارے بند رکھے اور بازاروں میں کوئی کاروبار نہیں ہوا۔کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس (کیٹ)، کی اپیل پر دہلی میں تقریباََ آٹھ لاکھ اور پورے ملک میں تقریباََ چھ کروڑ کاروباری ادارے پوری طرح بند رہے ۔ بڑی تعداد میں دہلی اور پڑوسی ریاستوں کے کاروباری مسٹر واجپئی کے آخری سفر میں شامل ہوئے ۔ملک کی مختلف ریاستوں کے کئی شہروں میں کاروباری اداروں نے خراج عقیدت تقریب کا اہتمام کرکے وزیراعظم کو گلہائے عقیدت پیش کئے ۔کیٹ کے قومی صدر بی سی بھرتیا نے کہاکہ دہلی کے علاوہ اترپردیش، مہاراشٹر، تملناڈو، مغربی بنگال، آسام ، راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش، کرناٹک، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ ، جموں، چنڈی گڑھ، تلنگانہ، پڈوچیری، جھارکھنڈ، بہار اوڈیشہ وغیرہ ریاستوں میں کاروباریوں نے اپنے ادارے اور بازار پوری طرح بند رکھ کر مسٹر واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔یہ پہلی بار ہے جب کسی رہنما کے انتقال پر خودبخود پورے ملک میں کاروباریوں نے اپنے بازار اور کاروبار بند رکھے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے اہم بازار چاندنی چوک، کناٹ پیلس، قرول باغ، صدر بازار، کھاری باولی، بھاگیرتھ پلیس، لاجپت رائے مارکٹ، کشمیری گیٹ، نئی سڑک، کملا نگر، اشوک وہار، روہنی، راجوری گارڈن، جنک پوری، اتم نگر، کیرتی نگر، ساوتھ ایکسٹنشن، گرین پارک، گریٹر کیلاش، لاجپت نگر، کالکاجی، خان مارکٹ، نہرو پلیس، پریت وہار، لکشمی نگر، شاہدرہ، میور وہار ، کرشنانگر، دریا گنج وغیرہ علاقوں میں بازارمکمل طورپر بند رہے ۔یو این آئی ۔