سمت بھارگو
راجوری//فوج کے وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں لائن آف کنٹرول (LoC) کے ساتھ واقع اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دورے کا مقصد علاقے میں جاری برفباری اور حفاظتی خطرات کے درمیان فوج کی تیاریوں کو جانچنا تھا۔لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا کے ہمراہ ایس آف سپیڈس ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل کاشک مکھرجی بھی موجود تھے۔ اس دورے کے دوران، وائٹ نائٹ کور کے کمانڈر نے فوجیوں کی امن کے لئے پْرعزم وابستگی کو سراہا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں تاکہ دشمن کے ممکنہ خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔اس دورے میں لیفٹیننٹ جنرل سچدیوا نے تربیت یافتہ آئی اے ایس افسران کے ساتھ بھی ملاقات کی اور قومی سلامتی، گورننس اور سول ملٹری ہم آہنگی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ان افسران کو ایک مضبوط اور محفوظ ہندوستان کی تعمیر کے حوالے سے اہم نکات سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سول ملٹری تعلقات کی مضبوطی ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد نہ صرف سیکورٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا بلکہ فوجیوں کے حوصلے کو بلند کرنا اور ان کے کردار کی اہمیت کا اعتراف کرنا بھی تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل سچدیوا نے فوجیوں کی محنت اور ان کے جذبے کو سراہا اور انہیں سخت موسم میں بھی اپنے فرائض کی ادائیگی میں اور زیادہ محتاط رہنے کی تاکید کی۔