سمت بھارگو+رمیش کیسر
راجوری //وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے جمعرات کے روز ایس آف سپیڈ ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل کوشک مکھرجی کے ہمراہ نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریبی علاقوں کا دورہ کیا۔اس دوران دونوں سینئر فوجی افسران نے موجودہ سیکورٹی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور سیکٹر میں تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔جی او سی اور دیگر کمانڈروں نے موقع پر موجود جوانوں سے براہِ راست بات چیت کرتے ہوئے ان کے حوصلے، پیشہ ورانہ عزم اور چیلنجنگ حالات میں مسلسل چوکس رہنے کی تعریف کی۔لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے کہا کہ ایل او سی پر دفاعی پوزیشنوں اور نگرانی کے مضبوط انتظامات برقرار رکھنا بے حد ضروری ہے تاکہ ہر قسم کی کارروائی کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوجی جوان مشکل ترین حالات کے باوجود اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں جو قابلِ ستائش ہے۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب فوج کی جانب سے سرحدی دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور امن و استحکام قائم رکھنے کے لئے اقدامات تیز کئے جا رہے ہیں۔ فوجی حکام کے مطابق اس طرح کے معائنے نہ صرف آپریشنل تیاریوں کو جانچنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ جوانوں کے حوصلے بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔