قومی سرحدوں کے تحفظ کے لئے مستعدی، جارحانہ تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا
سمت بھارگو
راجوری //وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے نوشہرہ سیکٹر، ضلع راجوری کے دورے کے دوران لائن آف کنٹرول پر تعینات بھارتی فوجی جوانوں کے ساتھ ملاقات کی اور ان کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور چوکس پہرے داری کو سراہا۔اس موقع پر جی او سی نے فوجی اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ قومی سرحدوں کی تقدیس کے تحفظ کے لئے ہر وقت مستعد رہیں، جارحانہ تیاری برقرار رکھیں اور نگرانی کو مزید مؤثر بنائیں تاکہ دشمن کی کسی بھی ناپاک کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔فوجی ترجمان کے مطابق وائٹ نائٹ کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، ایس آف اسپیڈز ڈویژن کے جی او سی میجر جنرل کوشک مکھرجی کے ہمراہ نوشہرہ سیکٹر کی اگلی چوکیوں پر گئے جہاں انہوں نے سیکورٹی صورتحال اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے فوجی دستوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ سرحدوں کے تحفظ میں ان کی قربانیاں اور خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو پیشہ ورانہ لگن اور عزم کے ساتھ جاری رکھیں تاکہ ملک کی سرحدیں محفوظ رہیں۔یہ دورہ نہ صرف فوجی جوانوں کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنا بلکہ اس نے اس عزم کو بھی تازہ کیا کہ بھارتی فوج ہر حال میں قومی سلامتی اور سرحدوں کے تحفظ کے لئے مستعد ہے۔