سمت بھارگو
راجوری//وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے پیر کے روز راجوری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے اپنے دورے کے دوران ایس آف اسپیڈز ڈویژن ہیڈکوارٹر میں سیکورٹی ریویو اجلاس کی صدارت کی، جس میں سینئر فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس آف اسپیڈز ڈویژن، کاؤنٹر انسرجنسی فورس (رومیو) اور کاؤنٹر انسرجنسی فورس (ڈیلٹا) کے جی او سی بھی شامل تھے۔فوج کے مطابق، وائٹ نائٹ کور کے جی او سی نے راجوری خطے کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں فیلڈ کمانڈرز نے فورسز کی آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی انتظامات پر بریفنگ دی۔آرمی کے مطابق، یہ دورہ زمینی حالات کا جائزہ لینے اور فورسز کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے تمام فوجی جوانوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی تیاری اور حوصلے کو بلند رکھیں، تاکہ ابھرتے ہوئے سیکورٹی چیلنجز سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔